بالآخر فیس بک میں اردو زبان کو شامل کر لیا گیا

لیجئے جناب فیس بک ٹرانسلیشن ٹیم کی جانب سے دنیا کی مشہور ترین سوشل نیٹورکنگ ویب سائیٹ کے اردو ترجمے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ یعنی اب فیس بک اردو زبان میں بھی دستیاب ہے۔ گوکہ ٹوئٹر اور گوگل پلس کے مقابلے میں فیس بک کو اردو زبان شامل کرنے کا خیال کافی دیر سے آیا لیکن بھلا ہو ان تمام رضاکاروں کا جنہوں نے ہزاروں الفاظ اور جملوں کا درست اردو ترجمہ کیا۔

facebook-top-10-urdu

اگر آپ بھی فیس بک کو اپنی قومی زبان میں دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کا طریقہ کار بہت آسان ہے، ہوم پیج پر نیوز فیڈ کے دائیں جانب نگاہ دوڑائیں تو اشتہارات کے نیچے آپ کو کاپی رائیٹ اور زبان دکھائی دے گی، جو کہ فی الوقت انگریزی ہوگی۔ اب آپ اس پر کلک کریں تو ایک پاپ اپ ونڈو کھلے گی جس میں دنیا بھر کی رنگ برنگی زبانیں شامل ہیں، یہاں سے اردو کا انتخاب کریں اور لیجئے آپ کی فیس بک پیج الائنمنٹ اور زبان اردو میں تبدیل ہوگئی۔

zohair-urdu

اگر آپ کو اس طریقہ سے زبان کا انتخاب کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو پھر آپ اکاؤنٹ سیٹنگز میں جائیں اور وہاں پر سب سے نیچے زبان کا انتخاب کریں اور Save Changes کا بٹن دبائیں۔

settings

گو کہ فیس بک میں اُردو زبان کا اضافہ تو کر دیا گیا ہے، تاہم اسے پڑھنے کا اصل مزہ خط نستعلیق میں ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اس حوالے سے بہت جلد کوئی پلگ ان تیار کیا جائے جو فیس بک میں اردو ٹیکسٹ کو نستعلیق فانٹ میں دکھائے۔