ہیش ٹیگز جلد فیس بک پر بھی

سب سے پہلے تو اس بات کی وضاحت کردوں کہ آخر ہیش ٹیگ ہے کیا بلا۔ تو جناب کوئی بھی ایسا لفظ جس سے پہلے نمبر یا پاؤنڈ کا نشان ’#‘ لگا ہو اسے ہیش ٹیگ کہتے ہیں۔ آپ نے یقیناً مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگز کا استعمال دیکھا ہوگا۔ ہیش ٹیگز کی تاریخ دراصل IRC سے شروع ہوتی ہے جہاں مختلف موضوعات پر بات کرنے کے لیے الگ سے چینلز بنائے گئے اور ان میں ہیش ٹیگز کا استعمال کیا گیا۔

tags

بعد ازاں 2007 میں ہیش ٹیگز کو ٹوئٹر پر بھی استعمال کیاجانے لگا۔ اسکے علاوہ گوگل پلس، پنٹرسٹ اور دیگر سماجی روابط کی ویب سائیٹس پر بھی ہیش ٹیگز کا استعمال عام ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائیٹس پر انہیں ایک ہی موضوع پر کی گئی پوسٹس کو ایک جگہ جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ مثلاً اگر سام سنگ کا کوئی نیا فون لانچ ہوا ہے تو تمام صارفین #GalaxyS4 کا ہیش ٹیگ استعمال کریں گے۔ ٹوئٹر اور گوگل پلس میں صارفین کو اس دن کے مشہور ہیش ٹیگز کی لسٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔

لیکن سماجی رابطہ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ فیس بک پر ہیش ٹیگز استعمال نہیں کیے جاسکتے۔ ایسا کیوں ہے اسکی وجہ تو معلوم نہیں، مگر انٹرنیٹ ذراع سے یہ ضرور معلوم ہوا ہے کہ جلد ہی فیس بک پر بھی ہیش ٹیگز کا آغاز کیا جارہاہے۔ وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک انتظامیہ ٹوئٹر سے مقابلہ کرنے کے لیے جلد ہی فیس بک میں ہیش ٹیگز کی سہولت فراہم کرنے جارہی ہے۔ جسکی بدولت صارفین ایک ہی موضوع پر دوستوں اور دیگر افراد کی تحاریر بھی دیکھ سکیں گے۔

آپ کے خیال میں فیس بک پر ہیش ٹیگز کے استعمال سے صارفین کے لیے آسانیاں پیدا ہونگی یا مشکلات اپنے #تبصروں سے ضرور آگاہ کیجئے گا۔