فیس بک پیجز کے لیے تھریڈڈ کمنٹس کا نیا فیچر

فیس بک کی جانب سے گذشتہ روز کمنٹس کے حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت اب فیس بک پیجز پر کسی خاص تبصرہ کا جواب دیا جاسکتا ہے جو کہ اصل تبصرہ کے نیچے دکھائی دے گا، بالکل اسی طرح جس طرح آئی ٹی نامہ پر آپ ’تھریڈڈ کمنٹس‘ پڑھتے ہیں۔

comments-threaded

کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر پر کئی ماہ تک محنت کی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ پیج ایڈمنسٹریٹر اور مداحوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کو سیر حاصل بنایا جاسکے۔ امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی اسے فیس بک Graph API اور موبائل ایپلی کیشن میں بھی شامل کر دیا جائے گا۔

اس نئے فیچر کے تحت کسی بھی پوسٹ پر کیے گئے تبصروں اور انکے جوابات کو انکی مقبولیت اور آپکے روابط کے حوالے سے ترتیب دیا جائے گا۔ مثلاً سب سے زیادہ لائیکس حاصل کرنے والے تبصرے سب سے اوپر دکھائی دیں گے۔ اسی طرح آپ کے دوستوں کے جانب کے گئے تبصرے باقی لوگوں کے تبصرہ سے پہلے دکھائی دیں گے۔

reply

فیس بک کا یہ نیا فیچر ان تمام پیجز کے لیے پہلے سے ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے جنکے فالوور کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔ اگر آپ کا بھی کوئی فیس بک پیج ہے مگر اس پر فالوور کی تعداد کم ہے یا پھر آپ کو یہ فیچر فراہم نہیں کیا گیا تو آپ ایڈمن مینیو میں Manage Permissions کے لنک سے یہ فیچر ایکٹیویٹ کر سکتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال اس فیچر کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے اور 10 جولائی 2013 تک یہ فیچر تمام پیجز پر ایکٹیو کر دیا جائے گا۔

comments

بشکریہ