ونڈوز فون 8 سے مزین : ہواوے ایسنڈ W1

ہواوے کی جانب سے ونڈوز فون 8 سے مزین پہلا سمارٹ فون ہواوے ایسنڈ W1 اس سال CES میلے میں متعارف کروایا گیا۔ ہم ہواوے پاکستان کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے ہمیں یہ فون لانچ ہونے سے قبل ہی ری ویو کے لیے مستعار دیا۔ امید ہے کہ اس فون کو اگلے ماہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

huaweiw1

ڈیزائن:
فون کا ڈیزائن نوکیا کی لومیا سیریز سے بہت حد تک مماثلت رکھتا ہے اور ہواوے کی جانب سے لومیا ہی طرح شوخ رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فون میں زیادہ تر ربڑ جیسے پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے۔

ascendw12

سامنے کی جانب 4 انچ لمبی ٹچ سکرین نصب کی گئی ہے جسکے اوپر کیمرہ، لائیٹ سنسر اور کالز سننے کے لیے سپیکر موجود ہے۔ سکرین کے نیچے تین ٹچ بٹنز موجود ہیں۔ دائیں جانب کیمرہ بٹن اور بائیں جانب آواز کو کنٹرول کرنے کے بٹنز موجود ہیں۔ ٹاپ پر ہیڈ فون جیک اور پاور بٹن موجود ہے جبکہ نیچے کی طرف مائیکروفون اور مائیکرویوایس بی سلاٹ موجودہے۔

ascend-backside

فون کی پشت پر 5 میگا پکزل کیمرہ ، ایل ای ڈی لائٹ اور ویڈیو مائیکروفون موجود ہے جبکہ نیچے کی جانب لاؤڈ سپیکر نصب ہے۔ بیک کور کے نیچے بیٹری، سم اور مائیکروایس ڈی کارڈ سلاٹ موجودہیں۔

w1-back

ہارڈوئیر:
ہواوے ایسنڈ W1 تیز رفتار 1.2GHz کوال کام سنیپ ڈریگن پراسیسر سے مزین ہے، اس میں 512MB ریم کا استعمال کیا گیا ہے اور فون کی میموری 4GB ہے جبکہ آپ اس میں میموری بڑھانے کے لیے مائیکروایس ڈی کارڈ بھی لگا سکتے ہیں۔
فون 4 انچ لمبی IPS ٹچ سکرین ایل سی ڈی سے مزین ہے جسکی ریزولیوشن 800×400 پکزل ہے۔

hardware

آپریٹنگ سسٹم:
اس سمارٹ فون میں مائیکروسافٹ کے موبائل آپریٹنگ سسٹم ونڈوز فون 8 کا استعمال کیا گیا ہے۔ دیگر کمپنیوں جیسے نوکیا اور ایچ ٹی سی کی نسبت ہواوے کی جانب سے آپریٹنگ سسٹم میں کسی قسم کی تبدیلی یا اضافہ نہیں کیا گیا ہے اس فون کا آپریٹنگ سسٹم ہر طرح کی کسٹمائزیشن سے پاک ہے۔

phone

ونڈوز فون 7.5 (مینگو) کے مقابلے میں نئی ونڈوز فون 8 قدرے بہتر ہے۔ اس میں بہت سے نئے فیچرز جیسے بلیوٹوتھ فائل ٹرانسفر، سکرین شاٹ، مائیکروایس ڈی کارڈ سپورٹ وغیرہ شامل کیے گئے ہیں، لیکن ابھی بھی اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجودہے۔

ونڈوز فون 8 ہوم سکرین پر موجود ٹائلز کو اب مزید چھوٹا کیا جاسکتا ہے اور اس میں ملٹی ٹاسکنگ کے فیچر میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ ونڈوز فون مینگو کے مقابلے میں اب آپ ایک وقت میں ایک سے زائد ایپلی کیشنز چلا سکتے ہیں اور بیک کے ٹچ بٹن کو دبا کر بیک گراونڈ میں چلنے والی تمام ایپلی کیشنز کو دیکھ بھی سکتے ہیں۔

ونڈوز فون 8 میں Kids Corner کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جسکے ذریعے آپ اپنی مرضی سے مختلف ایپلی کیشنز پر لاک لگا کر فون بلاخوف و خطر بچوں کے حوالے کر سکتے ہیں جس پر وہ اپنی پسند کی گیمز کھیلیں۔

phone8-os

ان تمام نئے فیچرز کے باوجود ابھی ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ یا آئی او ایس کے مقابلے میں کافی پیچھے ہے۔ ایپلی کیشنز کی تعداد بہت کم ہے اور ان میں زیادہ تر کو خریدنا پڑتا ہے۔ لیکن امید ہے کہ جلد ڈیویلپرز ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم کے لیے بھی زیادہ سے زیادہ ایپلی کیشنز بنانے لگیں گے۔

کیمرہ اور ویڈیو:
ہواوے ایسنڈ W1 میں دوکیمرے نصب کیے گئے ہیں سامنے کی جانب ویڈیو کالنگ کے لیے VGA کیمرہ اور پشت کی جانب ایل ای ڈی لائٹ سے مزین 5 میگا پکزل کیمرہ۔
کیمرہ کے لیے فون کے دائیں جانب ایک خصوصی بٹن نصب کیاگیا ہے جسکی مدد سے آپ فوکس اور تصویر اتارسکتے ہیں، اسکے علاوہ آپ سکرین پر کسی بھی جگہ ٹچ کر کے بھی فوٹو کھینچ سکتے ہیں۔

فون کا کیمرہ کچھ زیادہ خاص نہیں، گو کہ دن کی روشنی میں اس سے اچھی تصاویر اتاری جاسکتی ہیں لیکن تصویر اتارتے ہوئے آپ کو ساکن رہنا ضروری ہے ورنہ تصویر خراب آئے گی۔ کیمرہ ایپلی کیشن میں بھی زیادہ آپشنز دستیاب نہیں۔

اس فون کی مدد سے آپ 720p ویڈیوز بھی بنا سکتے ہیں اور کم روشنی ہونے کی صورت میں ایل ای ڈی لائیٹ کو مستقل آن بھی کر سکتے ہیں لیکن خیال رہے کہ اسکی روشنی آنکھوں کے لیے موزوں نہیں ۔

بیٹری ٹائمنگ:
یہ سمارٹ فون 1952mAh بیٹری سے مزین ہے، ہواوے کا دعوی ہے یہ بیٹری 20 دن کا سٹینڈ بائی ٹائم فراہم کرتی ہے۔ لیکن اگر اسے عام حالات میں استعمال کیاجائے تو زیادہ سے زیادہ یہ دو دن نکالے گی۔ اگر بیٹری بالکل ڈاؤن ہوجائے تو آپ ونڈوز فون کے ’بیٹری سیور‘ موڈ کے ذریعے کچھ گھنٹے مزید اپنا فون بھی چلا سکتے ہیں۔

batteryw1

ہماری رائے:
گو کہ مارکیٹ میں دستیاب دیگر ونڈوز فونز جیسے لومیا 920 اور ایچ ٹی سی 8 ایکس کے مقابلے میں اس فون کے فیچرز کچھ خاص نہیں مگر اس کی کوالٹی اور پرفارمنس کافی اچھی ہے۔ تاحال اس فون کو دنیا بھر میں کہیں بھی ریلیز نہیں کیا گیا لہذا اسکی قیمت کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں۔ مارکیٹ میں موجود نوکیا لومیا 620 جو اس فون سے ملتے جلتے فیچرز کا حامل ہے اسکی قیمت کم و بیش 24500 روپے مقرر کی گئی ہے ، لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ ہواوے کی جانب سے اس فون کی قیمت 20 ہزار کے لگ بھگ مقرر کی جائے گی۔

huaweifinal

اکثر لوگ ہواوے کو چین کا برانڈ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کر دیتے ہیں۔ لیکن یہ فون یقیناً عمدہ کوالٹی کا ہے اور اسکی پرفارمنس بھی اچھی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہواوے پاکستانی مارکیٹ میں نوکیا کے ونڈوز فون کا مقابلے کر پائی گی؟