HTC کی جانب سے نیا سمارٹ فون ایچ ٹی سی ون متعارف

تائیوان کی سمارٹ فونز بنانے والی مشہور زمانہ کمپنی ایچ ٹی سی کی جانب سے گذشتہ روز لندن اور نیویارک میں بیک وقت منعقد ہونے والی دو تقاریب میں جدید ترین سمارٹ فون HTC One متعارف کروایا گیا۔

htc-1

اس سمارٹ فون کی باڈی کے لیے مکمل طور پر ایلومینیئم کا استعمال کیا گیا ہے لیکن اسکے باوجود یہ کافی ہلکا ہے اور اسکا وزن صرف 143 گرام ہے۔ پہلی بار کسی فون میں کوال کام سنیپ ڈریگن 600 کواڈ کور پراسیسر کا استعمال کیا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ اس فون میں 2 جی بی ریم بھی نصب ہے جبکہ اسکی میموری 32 جی بی ہے۔

فون کی سکرین 4.7 انچ لمبی ہے اور یہ 1080p فل ایچ ڈی کے ساتھ 468ppi کی ریزولیوشن فراہم کرتی ہے۔ فون اینڈرائیڈ کے جیلی بین آپریٹنگ سسٹم سے مزین ہے اور اسے ایچ ٹی سی کے سنس 5 انٹرفیس سے مزین کیا گیا ہے۔ اس نئے انٹرفیس میں ہوم سکرین پر روایتی آئیکانز اور وڈجٹس کو ختم کرکے اسکی جگہ لائیو فیڈ شامل کی گئی ہے۔ جو آپ کو تازہ ترین خبریں، موسم کا احوال، سوشل میڈیا اپڈیٹس وغیرہ فراہم کرتی ہے۔

blinkfeed

ایچ ٹی سی ون میں پشت کی جانب 4 الٹراپکزل کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ جسکی خاصیت یہ ہے کہ میگا پکزل کے مقابلے میں اس کیمرہ کے سنسر زیادہ روشنی حاصل کرتے ہیں جسکی وجہ سے تصویر کی کوالٹی پہلے سے بہتر اور واضح ہوجاتی ہے۔ اسی طرح کیمرہ ایپلی کیشن میں Zoe نامی ایک فیچر شامل کیا گیا ہے جسکی مدد سے آپ ساکن تصاویر اور متحرک ویڈیوز کو آپس میں ملا کر ایک زبردست فلم تیار کرسکتے ہیں اور اس میں اپنی مرضی کے ایفیکٹ ، اینی میشن اور میوزک شامل کرسکتے ہیں۔

sensor

فون میں سامنے کی جانب دو سٹیریو سپیکر نصب کیے گئے ہیں جسکے ساتھ ساتھ اس فون میں ایک ایمپلیفائز بھی موجود ہے۔ اس کی بدولت آواز کی کوالٹی صاف اور تیز ہوجاتی ہے۔ ایچ ٹی سی کی جانب سے اس فیچر کو BoomSound کا نام دیا گیا ہے۔

فون میں انفراریڈ کا فیچر شامل کیا گیا ہے جسکی بدولت آپ اسے ٹی وی یا سیٹ ٹاپ باکس کے ریموٹ کنٹرول کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں اسکے علاوہ ایچ ٹی سی سنس ٹی وی ایپلی کیشن کی مدد سے آپ بذریعہ کلاؤڈ ٹی وی پروگرامز بھی دیکھ سکتے ہیں۔

htcone

ایچ ٹی سی کے مطابق یہ نیا سمارٹ فون مارچ کے وسط میں دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں دستیاب ہوگا۔ پاکستان میں اس فون کو ایچ ٹی سی کے آفیشل ڈسٹریبیوٹر Brightex کے تعاون سے پیش کیا جائے گا۔ گوکہ فی الوقت اسکی قیمت کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں لیکن میرا اندازہ ہے کہ اسکی قیمت 60 ہزار روپے کے لگ بھگ ہوگی۔

ایچ ٹی سی ون کے نمایاں فیچرز کچھ یوں ہیں:

  • 4.7 انچ لمبی 1080p ٹچ سکرین۔
  • 1.7GHz کواڈ کور پراسیسر Adreno 320 جی پی یو۔
  • 2 جی بی ریم اور 32 یا 64 جی بی میموری۔
  • اینڈرائیڈ جیلی بین اور سنس 5
  • 4 الٹراپکزل کیمرہ، اور 1080p ویڈیوز کی صلاحیت
  • سامنے کی جانب 2 میگا پکزل کیمرہ اور 1080p ویڈیو کی صلاحیت
  • فور جی، ایل ٹی ای، بلیوٹوتھ 4 ، این ایف سی، وائی فائی
  • 2300mAhبیٹری