بلیک بورڈز ہوئے پرانے : اب تعلیم بذریعہ سمارٹ بورڈز

پاکستا ن میں جدید اور بہتر نظام تعلیم کے لیے ترکی کی جانب سے قائم کردہ پاک ترک انٹرنیشنل سکولز اور کالجز میں اب کلاس رومز میں بلیک بورڈ کا استعمال ختم کر دیا گیا ہے اور انکی جگہ سمارٹ بورڈز  نصب کر دیے گئے ہیں۔

سمارٹ بورڈ ایک قسم کی ٹچ سکرین ہے جو کہ ایک پراجیکٹر اور کمپیوٹر سے منسلک ہوتی ہے۔ آپ اس پر ڈیجیٹل سیاہی سے لکھ سکتے ہیں اور کمپیوٹر ہی کی طرح اپنے انگلیوں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف کام سرانجام دے سکتے ہیں۔

روایتی بلیک بورڈز کے مقابلے میں سمارٹ بورڈ طلباء کی تعلیم و تربیت میں زیادہ معاون اور مددگار ثابت ہوتے ہیں ، اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں انکا استعمال بڑھ رہا ہے۔ان سمارٹ بورڈز پر آپ کلاس میں دیا گیا لیکچر محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے دوسری کلاسز یا دیگر کیمپس کے طلباء کو بھی ارسال کر سکتے ہیں ۔ اسی طرح سمارٹ بورڈز اور وائرلیس انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے طلباء دوسرے کیمپس کےساتھ تصاویر اور فائلز کا تبادلہ بھی کر سکتے ہیں۔

پاک ترک انٹرنیشنل سکولز اور کالجز جو 1995 سے پاکستان میں کام کررہے ہیں ان میں سمارٹ بورڈز متعارف کروانے سے قبل ترکی کے ماہر تعلیم فاہری ارین نے اساتذہ کو سمارٹ بورڈز کے حوالے سے مناسب تربیت فراہم کی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستان بھر میں مختلف کیمپسز کا دورہ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلیک بورڈز اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، نئے سمارٹ بورڈز کی بدولت طلباء کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا اور امید ہے کہ اساتذہ اب بہتر طور پر انکی تعلیم و تربیت کر سکیں گے۔