بلیک بیری اب مزید سمارٹ فون نہیں بنائے گی، توجہ سافٹوئیر پر مرکوز

بلیک بیری کی جانب سے حال ہی میں اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی اب بلیک بیری فونز بنانے کا کام بند کررہی ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ بلیک بیری نے سمارٹ فون انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا ہے۔

بلیک بیری کی توجہ اب سافٹوئیر پر

کمپنی نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اب وہ ہارڈویئر کی بجائے سافٹوئیر پر زیادہ توجہ دیں گے۔ یعنی بلیک بیری اب دیگر سمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔ اسکی ایک تازہ مثال حال ہی میں بلیک بیری کی جانب سے متعارف کروایا گیا سمارٹ فون DTEK50 ہے جو کہ دراصل چینی کمپنی الکاٹل نے بنایا ہے تاہم اس پر ٹھپہ بلیک بیری کا ہے۔

blackberry-dtek

بلیک بیری جس کی شہرت کی وجہ اسکے مکمل کی بورڈ سے مزین سمارٹ فون اور محفوظ ترین اینٹرپرائز میسجنگ سروسز تھیں ، گذشتہ چند سالوں سے تنزلی کا شکار ہے ۔ تاہم اب نئی پالیسی کے تحت بلیک بیری کی اولین ترجیح محفوظ ترین اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم اور ایپلی کیشنز ہونگی۔

بلیک بیری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جان چین کے مطابق بلیک بیری اب سمارٹ فون نہیں بلکہ فون کے اندر موجود سمارٹ فیچرز کو تخلیق کرے گی۔

بلیک بیری کی یہ نئی جہت درست ثابت ہوتی ہے یا  نہیں، یہ تو آنے والے وقت ہی بتائے گا، مگر مجھے خوشی ہے کہ بلیک بیری نے سمارٹ فون انڈسٹری کو مکمل طور پر خیر باد نہیں کہا۔ امید ہے کہ کمپنی جلد محفوظ ترین سافٹوئیر بنا کر اپنا کھویا ہوا مقام ایک بار پھر سے حاصل کرسکے گی۔