گاڑی کا سفر اب مزید پر کشش: جنرل موٹرز کا نیا پراجیکٹ

آپ میں سے جو لوگ سائنس فکشن فلموں کے شوقین ہیں انکے لیے تو یہ ٹیکنالوجی کوئی نئی بات نہیں۔جنرل موٹرز نے ایک اسرائیلی ادارے کے ساتھ مل ایک نئے پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اس پراجیکٹ میں گاڑی کی پچھلی نشت پر بیٹھے افراد کے لیے سفر کو مزید پرلطف بنانا مقصود ہے۔

اس پراجیکٹ میں گاڑی کے شیشوں کو ایک ٹچ سکرین سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔یوں سمجھ لیجئے جیسے یہ سکرین آپکا کمپیوٹر ہو۔ جس پر آپ اپنے دفتر کا کام ، سوشل نیٹورکس کا استعمال ، ویڈیو گیمز غرض وہ تمام کام سر انجام دے سکتے ہیں جسکی مدد سے آپکا سفر دلچسپ اور فائدہ مند بن سکے۔

جنرل موٹرز کی ریسرچ ٹیم کے نمائیندے کے مطابق عام طور پر گاڑیوں میں نصب ایل سی ڈیز یا دیگر ڈسپلے سسٹم صرف اگلی نشست پر بیٹھے افراد کے لیے دستیاب ہوتے ہیں۔ لیکن اس نئے پراجیکٹ کے تحت اب پچھلی نشست پر بیٹھے افراد بھی دوران سفر جدید ٹیکنالوجی کے مزے اٹھا سکیں گے۔

اس حوالے سے پراجیکٹ پر کام کرنے والی ٹیم نے فی الحال کچھ ایپلی کیشنز تیار کی ہیں جیسے ایک اینی میٹڈ کارٹون جو آپ کی گاڑی کے ساتھ ساتھ بھاگتا ہے، اسی طرح ایک ایپلی کیشن کے ذریعے آپ کھڑکی سے باہر کے تمام مناظر کو تبدیل کر سکتے ہیں اور دنیا بھر سے اپنی مرضی کے مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ سوشل میڈیا سے متعلق بھی چند ایپلی کیشنز تیار کی گئی ہیں۔

گو کہ اس ٹیکنالوجی سے گاڑی کے شیشوں پر تو انگلیوں کے نشانات پڑ جایا کریں گے ۔ لیکن یقیناً گاڑی میں سفر کرنے کا لطف دوبالا ہوجایا کرے گا۔ اب گئے وہ دن جب بچے گاڑی میں بیٹھ کر چاند کو اپنے ساتھ بھاگتا دیکھ کر خوش ہوجایا کرتے تھے کیونکہ اب انکا دل بہلانے کے لیے Otto جو موجود ہے۔

اس پراجیکٹ کے حوالے سے مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کیجئے۔