آئی فون نہ ملنے پر چینیوں نے انڈوں کی برسات کر دی

بیجنگ میں واقع ایپل کے ایک سٹور میں آج مشہور زمانہ آئی فون 4S کی فروخت کا آغاز ہونا تھا۔ چینی عوام اس موبائل فون کو خریدنے کے لیے اتنے بے چین تھے کے انتہائی سردی کے باوجود رات سے لوگ ایپل کے اس سٹور کے باہر قطاروں میں کھڑے ہوگئے اور انتظار کرنے لگے کہ کب سٹور کھلے اور کب وہ اس موبائل فون کو خرید سکیں۔

لیکن بدقسمتی سے ان کا انتظار طویل ہی ہوتا گیا۔ ایپل انتظامیہ نے جب سٹور کے باہر خریداروں کا ایک جم غفیر دیکھا تو انہیں اسی میں اپنی عافیت سمجھی کہ سٹور کو کھولا ہی نہ جائے اور آئی فون کی فروخت کو موخر کر دیا جائے۔

جب لوگوں کو اس بات کا علم ہوا کہ رات بھر انہیں سردی میں ٹھٹھرنے کایہ  صلہ دیا جارہا ہے تو وہ مشتعل ہوگئے اور سٹور پر انڈوں سے حملہ کر دیا اور زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ اسکے ساتھ ساتھ ایپل اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

انتظامیہ نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس سے مدد مانگ لی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو قابو کیا اور چند گھنٹے بعد یہ ہجوم منتشر ہوگیا۔

ایپل کے مطابق صارفین آئی فون 4S کو آن لائین یا ٹیلی کام کمپنی چائینہ یونی کام کے دفاتر سے خرید سکتے ہیں لیکن خریداروں  کا کہنا کہ ایپل کو لوگوں کا وقت ضائع کرنے پر ان سے معذرت کرنا ہوگی اور آئیندہ کے لیے بہتر انتظامات کرنا ہونگے۔

اس حادثہ کی ویڈیو ملاحظہ فرمائیں:

منبع