موزیلا نے فائر فاکس 29 بیٹا ورژن جاری کردیا، نیا انٹرفیس اور بہت سے فیچرز کا اضافہ

موزیلا نے آج فائر فاکس بیٹا چینل صارفین کے لیے مشہور زمانہ ویب براؤزر کا نیا ورژن جاری کر دیا ہے۔ پرانے ورژنز کی نسبت فائر فاکس 29 میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں ہیں، جس میں نیا انٹرفیس، کسٹمائزیشن موڈ اور فائر فاکس Sync کا نیا نظام قابل ذکر ہیں۔ نئے ورژن میں ونڈوز 8 ٹچ فیچرز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے

mozilla-australis
فائر فاکس Sync کی بدولت صارفین اب ایک موزیلا اکاؤنٹ بنا کر اپنی تمام معلومات موبائل یا کمپیوٹر دونوں پر حاصل کرسکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ نے موبائل پر کوئی ویب سائیٹ کھولی ہوئی تھی تو جب آپ کمپیوٹر پر فائر فاکس چلائیں گے تو وہ آپ کو وہی ویب سائیٹ دکھائے گا۔ اسی طرح اگر آپ کمپیوٹر سے فیس بک پر لاگ ان تھے تو موبائل براؤزر پر بھی آپ خود کار طریقہ سے لاگ ان ہوجائیں گے۔

sync

موزیلا کی جانب سے اس بات کا دعوی کیا جارہا ہے کہ براؤزر سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور ہیکرز کے لیے بہت مشکل ہے کہ وہ آپ کی معلومات چوری کر سکیں۔ موزیلا کہ سروسرز پر موجود تمام ڈیٹا انکرپٹ کیا گیا ہے اور اس تک رسائی بہت ہی مشکل ہے۔

فائر فاکس 29 میں براؤزر کے انٹرفیس کو کافی حد تک تبدیل کر دیا گیا ہے اور یہ اب گوگل کروم سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔ کسٹمائزیشن موڈ کی بدولت آپ زیادہ استعمال کیے جانے والے مختلف ٹولز اور فیچرز کو ایک جگہ اکھٹا کر سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ ان ٹولز کے اوپر ایک باکس میں بنیادی فیچرز جیسے Cut, Copy, Paste وغیرہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

australis-2

فائر فاکس کی جانب سے گذشتہ سال متعارف کروائے جانے والے Australis انٹرفیس کو اب فائرفاکس کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ ڈیزائن پہلے کی نسبت زیادہ آسان ہے اور صارفین کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے دعوی کیا جارہا ہے کہ اب فائر فاکس پہلے کی نسبت زیادہ تیز رفتار ہے۔

اگر آپ فائر فاکس استعمال کرتے ہیں اور آپکا براؤزر ابھی تک اپڈیٹ نہیں ہوا تو اس لنک سے نیا ورژن ڈاؤنلوڈ کیجئے: http://www.mozilla.org/beta