چینی کمپنی Xiaomi نے 4K ریزولیوشن کا حامل 49 انچ اینڈرائیڈ ٹی وی متعارف کروا دیا

میرا خیال ہے کہ آپ میں سے بہت سے دوستوں نے اس سے قبل چینی الیکٹرانکس کمپنی Xiaomi کا نام نہیں سنا ہوگا۔ آپ کو بتاتا چلوں کہ یہ کمپنی سمارٹ فونز، سمارٹ ٹی اور سیٹ ٹاپ باکس بنانے کے حوالے سے کافی شہرت رکھتی ہے۔ اسکے علاوہ شاؤ می کا اینڈرائیڈ انٹرفیس MIUI بھی دنیا بھر میں کافی مقبول ہے۔

اس کمپنی کے سمارٹ فون پاکستان میں دستیاب تو ہیں تاہم چونکہ باضابطہ طور پر یہ کمپنی یہاں لانچ نہیں ہوئی لہذا انکے ساتھ کسی قسم کی وارنٹی نہیں۔ مگر یہ فون اپنی کم قیمت اور اچھے فیچرز کی وجہ سے کافی مقبول ہیں۔

xiaomi-tv
گذشتہ روز کمپنی نے چین میں ایک تقریب کے دوران اینڈرائیڈ سے مزین ایک نیا سمارٹ ٹی وی متعارف کروایا ہے۔ Mi TV 2 کے نام سے پہچانا جانے والا یہ ٹی وی  49 انچ لمبی تھری ڈی سکرین اور 4K ریزولیوشن کا حامل ہے۔ بڑی خبر یہ ہے کہ اس ٹی وی کی قیمت لاکھوں میں نہیں بلکہ محض 4 ہزار چینی یوآن ( 63 ہزار روپے) مقرر کی گئی ہے۔

ٹی وی کا ڈیزائن بہت ہی دبلا پتا ہے، اور اسکی موٹائی محض 15.5 ملی میٹر ہے۔ اتنی کم موٹائی حاصل کرنے کے لیے ٹی وی کے سپیکرز کو الگ کردیا گیا ہے اور آڈیو بار اور وائرلیس ووفر ساتھ فراہم کیے گئے ہیں۔ آپ انہیں چاہیں تو ٹی وی کے ساتھ چلا لیں اور چاہیں تو اپنے موبائل سے گانے ان پر چلائیں۔

4k-miui
اس سمارٹ ٹی وی میں 1.45  گیگا ہرٹز کواڈ کور پراسیسر، Mali 450-MP4 گرافکس پراسسینگ یونٹ، 2 گیگا بائیٹ ریم اور 8 گیگا بائیٹ میموری نصب ہے۔ جبکہ اس میں 64 گیگا بائیٹ تک میموری کارڈ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اینڈرائیڈ سےمزین یہ ٹی وی MIUI TV انٹرفیس پر چلتا ہے اور آپ اس پر اپنی پسند کی ایپلی کیشنز بھی چلا سکتے ہیں۔

mi-tv-specs
روایتی ٹی وی کے مقابلے میں Mi TV 2 میں بلیوٹوتھ ریموٹ کا استعمال کیا گیا ہے جسکی بدولت آپ کا ریموٹ اگر کمرے میں کہیں گم بھی ہوجائے تو آپ ٹی وی پر موجود بٹن کی مدد سے اسے ڈھونڈ سکتے ہیں۔ یا پھر آپ اپنے سمارٹ فون میں ایک ایپلی کیشن انسٹال کرکے اسے ریموٹ کنٹرول بنا لیں۔

یہ ٹی وی چینی صارفین کے لیے اس ماہ کی 27 تاریخ سے دستیاب ہوگا تاہم انٹرنیشنل صارفین کے لیے اسکی دستیابی کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ آپ کے خیال میں اگر یہ ٹی وی پاکستان میں لانچ کیا جائے تو کیا یہ صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب راغب کر پائے گا؟