اوبر کی آن لائن رکشہ سروس اب لاہور میں دستیاب

عالمی شہرت یافتہ آن لائن ٹیکسی سروس اوبر نے اس سال کے آغاز پر لاہور میں اپنی سروسز متعارف کروائی تھیں۔ اوبر آپکو موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے کسی بھی جگہ پر ٹیکسی سروس حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ گو کہ اس وقت پاکستان میں اسطرح کی دیگر سروسز بھی میسر ہیں تاہم اوبر اپنے کم کرایہ کی وجہ سے ان سے آگے ہے۔

آج کمپنی کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ اب گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اوبر صارفین لاہور میں کسی بھی جگہ پر رکشہ کی سروس بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اپنی اوبر ایپلی کیشن میں اوبر گو کہ بجائے اوبر آٹو کا انتخاب کریں اور کم سے کم کرایہ ادا کرکے اپنی منزل مقصود پر پہنچیں۔ اوبر اس سے قبل یہ سروس بھارت اور چند دیگر ممالک میں بھی متعارف کروا چکی ہے۔

اوبر آٹو کے کرایہ کی تفصیل:

  • بنیادی کرایہ : 45 روپے
  • کرایہ: 4 روپے فی کلو میٹر
  • ٹائم چارجز: 1 روپیہ فی منٹ

یعنی اگر آپ کو دس کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہوئے 25 منٹ لگتے ہیں تو کل کرایہ 110 روپے ہوگا۔ اس سروس کا کرایہ تو کم و بیش اتنا ہی ہے جتنا عام طور پر رکشے والے چارج کرتے ہیں تاہم بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو کسی بھی جگہ رکشہ میسر ہوگا اور  کرایہ کے لیے بحث نہیں کرنا پڑے گی۔ صارفین کرایہ یا تو کیش کی صورت میں دے سکتے ہیں یا اپنے اوبر اکاؤنٹ سے منسلک کارڈ کی مدد سے بھی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔

اوبر کی رکشہ سروس کا آغاز لاہور سے ہوچکا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ جلد کراچی میں بھی یہ سروس میسر ہوگی۔ جو صارفین لاہور میں پہلے سے اوبر کی سروس استعمال کررہے ہیں وہ AUTOLAHORE کا کوڈ استعمال کر کے 23 اکتوبر تک 5 مفت سواریاں حاصل کرسکتے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی چند کمپنیاں آن لائن رکشہ سروس فراہم کررہی ہیں۔ تاہم اوبر کے آجانے سے انکے کاروبار کو کافی نقصان پہنچے گا۔ گو کہ اوبر کے رکشے میں کوئی خاص بات نہیں لیکن توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں کمپنی اچھے رکشے اور دوران سفر انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کرسکتی ہے۔