ہواوے نے نووا کے نام سے سمارٹ فونز کی نئی سیریز جاری کردی

چینی سمارٹ فون کمپنی ہواوے نے جرمنی میں منعقدہ سالانہ IFA نمائش کے موقع پر اپنے سمارٹ فونز کی ایک نئی سیریز متعارف کروا دی ہے۔ یہ فونز ہواوے کی پہلے سے موجود سیریز جیسے ایسنڈ اور میٹ سے الگ ہیں اور انکا مقصد ایسے صارفین کی توجہ حاصل کرنا ہے جو سام سنگ، ایپل اور دیگر کمپنیوں کے مہنگے فونز خریدنے کی استطاعت تو نہیں رکھتے مگر انہیں سمارٹ فون میں اچھے فیچرز پسند ہیں۔

nova

ہواوے کی جانب سے اس موق پر دو فونز نووا (Nova) اور (Nova Plus) لانچ کیے گئے ہیں۔ دونوں فونز فیچرز کے لحاظ سے کسی فلیگ شپ سے کم نہیں۔نووا کی سکرین 5 انچ اور نووا پلس کی سکرین 5.5 انچ ہے۔ دونوں فونز کی ریزولیوشن فل ایچ ڈی ہے اور پکزل کوالٹی بھی بہترین ہے۔

ہواوے اور دیگر بہت سی سمارٹ فون کمپنیاں اب اچھے فونز میں باڈی کے لیے پلاسٹک کی بجائے دھاتوں کا استعمال کررہی ہیں۔ ان فونز میں  ایلومینم کا استعمال کیاگیا ہے اور اس میں مختلف رنگ جیسے گولڈ، سلور اور گرے دستیاب ہیں۔ نووا کا ڈیزائن کافی حد تک ہواوے نیکسس 6 سے ملتا ہےاور نووا پلس میٹ سیریزتھوڑی مشابہت رکھتا ہے۔

نووا  سمارٹ فونز میں کوالکام سنیپ ڈریگن 625 اکٹا کور پراسیسر نصب ہے جب کہ انکی ریم 3 گیگا بائیٹ اور سٹوریج 32 گیگا بائیٹ ہے۔ آپ ان فونز میں 128 گیگا بائیٹ تک کا میموری کارڈ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ان فونز میں فنگر پرنٹ سکینر اور جدید یوایس بی سی ٹائپ پورٹس بھی ہیں۔

nova-plus

نوو ا اور نووا پلس میں کیمروں کا تھوڑا سا فرق ہے، نووا میں 12 میگا پکزل کیمرہ اور 8 میگا پکزل سیلفی کیمرہ نصب ہے جبکہ نووا پلس میں سیلفی کیمرہ 16 میگا پکزل ہے اور اس میں آپٹیکل امیج سٹیبلائزیشن کی سہولت بھی موجود ہے۔

نووا کی بیٹری 3020 ملی ایمپئر آور جبکہ پلس کی بیٹری 3340 ملی ایمپئر آور ہے، تاہم اس میں فاسٹ چارجنگ کا فیچر شامل نہیں۔ ہواوے کا دعوی ہے کہ دونوں فونز آپ کو آسانی سے دو دن کا بیٹری ٹائم فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فونز کی قیمت اور دستیابی:

ہواوے کے یہ دونوں فونز پاکستان سمیت دنیا کے 50 ممالک میں اکتوبر کے مہینے تک فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ نووا کی قیمت کم وبیش 45 ہزار روپے ہوگی جبکہ نوو پلس کی قیمت 48 ہزار کے لگ بھگ مقرر کی جائے گی۔

پاکستانی صارفین کی قوت خرید کے حساب سے یہ قیمتیں تو کافی زیادہ ہیں تاہم سام سنگ اور ایپل کے مقابلے قیمت تھوڑی کم۔

لیکن اگر دیکھا جائے تو شاؤمی اور لےایکو جیسی کمپنیاں ایسی ہی فیچرز سے مزین فون اس سے آدھی قیمت میں فروخت کررہی ہیں۔ ہواوے کا دعوی تو ہے کہ نووا سیریز کے فون مناسب قیمت کے ہیں تاہم ان میں اور ہواوے کی دیگر سیریز کے فونز کی قیمتوں میں کچھ زیادہ فرق تو نہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ فونز صارفین کی توجہ حاصل کر پائیں گے یا نہیں، آپ کا کیا خیال ہے؟