رافع بلوچ نے ایک بار پھر گوگل کروم اور فائر فاکس میں بڑی خامی ڈھونڈ نکالی

پاکستانی سیکیورٹی ریسرچر رافع بلوچ کا نام پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔ رافع ہمیشہ سے انٹرنیٹ اور سافٹوئیرز میں سیکیورٹی کے نقائص ڈھونڈ کرانہیں صارفین کے لیے محفوظ بنانے کی تگ و دو میں مگن رہتے ہیں۔

حال ہی میں رافع نے دو مشہور انٹرنیٹ براؤزرز، گوگل کروم اور موزیلا فائر فاکس میں ایک بڑی خامی کی نشاندہی کی جس پر انہیں دنیا بھر سے پذیرائی بھی ملی اور ساتھ ہی ساتھ 5000 ڈالر کا انعام بھی۔

براؤزرز میں موجود یہ خامی دراصل دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں جیسے عربی اردو یا عبرانی زبان کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ براؤزر کی ایڈریس بار میں اگر اردو کا کوئی لفظ ڈال دیا جائے تو وہ پورے لنک کو الٹ دکھائے گا۔

ہیکرز اس خامی کی مدد سے آپ کو نقلی ویب سائیٹ دکھا کر قیمتی معلومات ہتھیا سکتے ہیں، تاہم آپ یہی سمجھ رہے ہونگے کہ آپ اصل ویب سائیٹ ہی کھولے ہوئے ہیں۔

مثال کے طور پر آپ کو ای میل میں ایک لنک موصول ہوتا ہے جسے کھولنے پر براؤزر میں گوگل کی ویب سائیٹ http://google.com/ا/127.0.0.1 نظر آتی ہے، تاہم اصل میں یہ ویب سائیٹ الٹ لکھی ہوئی ہے اور اسکا لنک 127.0.0.1/ا/http://google.com ہے۔

گوگل اور موزیلا نے اپنے براؤزرز کے تازہ ترین ورژن میں اس خامی کو دور کر لیا ہے، تاہم رافع کے مطابق بہت سے دوسرے براؤزرز میں ابھی یہ خامی موجود ہے۔

رافع بلوچ اس سے قبل بھی گوگل، فیس بک، اینڈرائیڈ اور دیگر بڑی کمپنیوں کی ویب سائیٹس اور سافٹوئیر میں خامیاں تلاش کر چکتے ہیں۔ رافع ہیکنگ کے بارے میں بھی بہت کچھ جانتے ہیں تاہم ہیکنگ کو برے مقصد کے لیے استعمال کرنے کی بجائے رافع اسے عام انٹرنیٹ صارف کی بھلائی کے لیے استعمال کررہے ہیں۔