ورچوئل ریئلیٹی کیا ہے اور اوکیولس رفٹ ہیڈ سیٹ کیسے کام کرتا ہے

 

realitysشاید آپ نے کبھی اخبارات، ٹی وی یا انٹرنیٹ پر ورچوئل ریئیلیٹی کا لفظ سنا ہو؟ آسان الفاظ میں اسے کچھ یوں بیان کیا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرانک آلات کی مدد سے ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے جو دیکھنے اور محسوس کرنے میں بالکل اصل معلوم ہو تاہم حقیقت میں اسکا وجود ہی نہ ہو۔

یہ تصور کچھ نیا نہیں اور کم و بیش گذشتہ 100 سالوں سے ایسی ٹیکنالوجی پر کام کیا جارہا ہے جسکی مدد سے انسانی دماغ کو دھوکہ دیا جاسکے اور نقل کو اصل کے طور پر پیش کیا جائے۔ دو سال قبل متعارف کروائے جانے والا ورچوئل ریئیلیٹی ہیڈ سیٹ Rift بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

یہ ڈیوائس جسے سر پر پہنا جاتا ہے اور یہ آپکی آنکھوں کے سامنے ایک پردہ ڈال دیتی ہے، دیکھنے میں کافی عجیب سی ہے۔ مگر جب اس پر گیم یا کوئی ورچوئل سین چلتا ہے تو آپ اپنے آپکو اسی دنیا کا حصہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس میں لگے سنسرز آپ کے سر کی حرکت کو مانیٹر کرتے رہتے ہیں ، جسکی مدد سے آپ کو شائبہ تک نہیں ہوتا کہ آپ کی آنکھوں کے سامنے نظر آنے والا منظر دراصل ایک دھوکہ ہے۔

rift
اسے پہننا اور پھر پہنے رکھنا بہت ہی آسان ہے، اسکے کم وزن کی بدولت آپ اس پر گھنٹوں کوئی گیم کھیل سکتے ہیں، اسی طرح عام سکرین کی نسبت اس میں دیکھنے کی حد پر کوئی قید نہیں ─ آپ جتنا دور دیکھنا چاہیں یا جیسے مرضی گردن گھمائیں بالکل عام زندگی کی طرح چاروں طرف وہی منظر نظر آئے گا۔

اس ڈیوائس کے تخلیق کار Palmer Luckey نے محض 19 سال کی عمر میں اسکا ایک پروٹوٹائپ تیار کیا جسے شہرت یافتہ گیمز Doom اور Quake کے پروگرامر John Carmack نے کافی پسند کیا۔ اسکے بعد گیم انڈسٹری کے ماہرین کی معاونت سے پالمر نے کراؤ فنڈنگ ویب سائیٹ کک سٹارٹر پر 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کے فنڈ کی اپیل کی اور حیران کن طور پر اسکی معیاد ختم ہونے سے قبل ہی لوگوں نے اصل رقم کا دس گنا یعنی کم و بیش 25 لاکھ امریکی ڈالر عطیہ کیے۔

vr-headset
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ عام صارفین کے لیے پراڈکٹ متعارف کروانے سے قبل ہی فیس بک نے اس کمپنی کو 2 بلین امریکی ڈالر میں خرید لیا ہے۔ اب تک Rift کے چار مختلف ورژن متعارف کروائے جاچکے ہیں، تاہم ابھی یہ صرف ڈیویلپرز کے لیے ہی دستیاب ہے، امید کی جارہی ہے کہ عام صارفین  سال 2015 کے اختتام تک یہ ڈیوائسز خرید سکیں گے۔ ہیڈ سیٹ پر کوئی گیم کھیلنے کے لیے آپ کو اس کے کنٹرول باکس کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنا ہوتا ہے، تاہم کمپنی ذراع کے مطابق جلد یہ ہیڈ سیٹ موبائل فونز کے لیے بھی کام کرئے گا۔

rates
اوکیولس رفٹ پر کھیلی جانے والی گیمز کی پروگرامنگ تھوڑی مختلف ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ابھی اس پر دستیاب گیمز کی تعداد بہت کم ہے، لیکن خیال کیا جارہا ہےکہ عام صارفین کے لیے یہ ڈیوائس دستیاب ہوتے ہی گیمز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ فی الوقت آپ اس پر Team Fortress 2 اور BioShock جیسی مشہور گیمز کھیل سکتے ہیں۔

اس ماہ کے آغاز پر سام سنگ نے اپنے گلیکسی نوٹ 4 فون کے ساتھ Gear VR نامی ایک ڈیوائس بھی متعارف کروائی ہے۔ تاہم Rift کے مقابلے پر اسے کمپیوٹر کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت نہیں اور آپ اس میں گلیکسی نوٹ 4 کو استعمال کرسکتے ہیں جو بیک وقت سکرین کا کام بھی دے گا اور کمپیوٹر کا بھی۔ صارفین اس کے ذریعے گیمز، فلمیں اور تصاویر کو ایک بالکل نئے اور اچھوتے انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔ اس ڈیوائس کی قیمت 200 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے تاہم گلیکسی نوٹ 4 کے پیسے الگ سے ادا کرنا ہونگے۔

gear-vr
گو کہ ورچوئل ریئیلیٹی کی یہ ڈیوائسز ابھی کافی مہنگی ہیں، تاہم وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ انکی قیمتوں میں کافی حد تک کمی آئے گی اور مزے کی بات یہ ہے کہ گوگل نے تو ایسی ڈیوائسر محض 2500 روپے میں متعارف کروا دی ہے، جس میں آپ کا سمارٹ فون استعمال ہوتا ہے۔ تاہم یہ ڈیوائس گتے کی بنی ہے اور آپ اس پر صرف گوگل ارتھ اور یوٹیوب ہی دیکھ سکتے ہیں۔