گوگل نے بہتر پرفارمنس اور نئے انٹرفیس سے مزین اینڈرائیڈ ایل متعارف کروا دیا

android

گذشتہ روز سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والے سالانہ گوگل I/O ڈیویلپر کانفرنس کی سب سے خاص بات اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن اور اس میں کی جانے والی بیش بہا تبدیلیاں ہیں۔

Android L، جسکا حتمی نام اور ورژن نمبر ابھی واضح نہیں کیا گیا پچھلے تمام ورژنز سے کافی حد تک مختلف ہے۔ اینڈرائیڈ آئس کریم سینڈوچ کے بعد پہلی بار سسٹم کے انٹرفیس میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ Holo انٹرفیس سے ہٹ کر اب گوگل کی جانب سے میٹریل ڈیزائن لینگویج پیش کی گئی ہے جسکے تحت نہ صرف ایپلی کیشز کو ظاہری طور پر بہتر بنایا جاسکے گا بلکہ اسے اصل زندگی سے بھی قریب تر بنایا گیا ہے۔


google-io

اس نئے ورژن میں آئی کان، فانٹس اور اینی میشن کے انداز کو بھی بدلا گیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ تمام ایپلیکیشن ڈیویلپر میٹریل ڈیزائن کا استعمال کریں تاکہ صارفین کوئی بھی ایپلی کیشن استعمال کریں تو انہیں ایک ہی طرح کا انٹرفیس میسر ہو۔

اس نئے ورژن میں نوٹیفیکیشنز کے استعمال کی بھی بڑی حد تک بہتر بنایا گیا ہے۔ فون پر موصول ہونے والی تمام نوٹیفیکیشنز اب انکی اہمیت کے حوالے سے ترتیب دی جائیں گی اور کسی نوٹیفیکشن پر ایک کلک کے ذریعے متعلقہ ایپلی کیشن کھولی جاسکے گی۔ اسی طرح اب گیم یا کوئی اور ایپلی کیشن چلاتے وقت موصول ہونے والے ایس ایم ایس اور کالز کو بھی باآسانی سکرین سے ہٹایا جاسکتا ہے۔

l-screens

اینڈرائیڈایل میں ڈالوک رن ٹائم کی بجائے ART یعنی اینڈرائیڈ رن ٹائم کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سافٹوئیر کا کام فون میں موجود ایپلی کیشنز کو چلانا ہوتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے دعوی کیا جارہاہے کہ نئےرن ٹائم کی بدولت اب اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز چلنے میں کم وقت اور میموری درکار ہوگی۔ اے آر ٹی میں 64 بٹ موبائل چپس کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، یعنی مستقبل قریب میں آنے والے نئے ہارڈوئیر کے لیے بھی تمام تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

l-screen-2

اینڈرائیڈ کے اس نئے ورژن میں جہاں بیٹری کے استعمال کو مزید بہتر بنایا گیا ہے وہیں بیٹری سے متعلق معلومات کے لیے بھی الگ سے ایک سیکشن مختص کیا گیا ہے جس کے ذریعے آپ یہ جان سکیں گے کہ کونسی ایپلی کیشن زیادہ بیٹری استعمال کررہی ہے اور اسکی وجہ کیا ہے۔ نئے بیٹری سیونگ موڈ کے ذریعے اب موبائل کی بیٹری لائف کو بھی مزید بڑھایا جاسکے گا.

notif

عام طور پر گوگل کی جانب سے ہر سال I/O کانفرنس کے موقع پر ہی نیا آپریٹنگ سسٹم صارفین کے لیے مہیا کردیا جاتا ہے مگر اب کی بار ایسا نہیں، صرف نیکسس 5 اور 7 کے لیے اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا ڈیویلپر پری ویو جاری کیا گیا ہے۔اینڈرائیڈ ایل کا حتمی ورژن اس سال کے آخر میں جاری کیا جائے گا۔

کی نوٹ میں دکھائی جانے والی سلائیڈ میں اینڈرائیڈ کے مختلف ورژنز میں متعارف کروائے جانے والے فیچرز کا جائزہ بھی پیش کیا گیا، جسکا مقصد دراصل ایپل کی جانب سے اینڈرائیڈ کو کاپی کرنے کی نشاندہی تھا۔

android