جاپانی کمپنی راکوٹن نے مشہور میسجنگ سروس وائبر کو 900 ملین ڈالر میں خرید لیا

جاپان کی ای کامرس کمپنی راکوٹن (Rakuten) نے آج موبائل میسجنگ اور مفت کالز کی سروس فراہم کرنے والی مشہور کمپنی وائبر کو خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ جاپان کے ارب پتی ہیروشی مکیٹانی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق انہوں نے اسرائیلی کمپنی وائبر کو 900 ملین امریکی ڈالر میں خرید لیا ہے۔

rakuten
یہاں یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سے قبل راکوٹن نے آئی ٹی سروسز فراہم کرنے والی دیگر کئی کمپنیاں بھی خریدیں ہیں اور وائبر خریدنے کے بعد اسکے کل صارفین کی تعداد میں 300 ملین کا اضافہ ہوجائے گا۔ راکوٹن کی کوشش ہے کہ وہ کسی طرح انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بن جائے اور اسکے لیے کمپنی کے مالک دھڑا دھڑ پیسہ خرچ کررہے ہیں۔

وائبر میسجنگ سروس کا آغاز 2010 میں اسرائیلی بزنس مین تلمون مارکو نے کیا اور چند ہی سالوں میں یہ سروس دنیا بھر میں اول نمبر پر آگئی۔ وائبر کی ایپلی کیشن ونڈوز، ایپل میک، اینڈرائیڈ، آئی فون، ونڈوز فون، بلیک بیری، سیمبیئن اور دیگر بہت سے موبائل اور کمپیوٹر پلیٹ فارمز کے لیے دستیاب ہے۔ فی الوقت وائبر کی سروسز کم و بیش 193 ممالک میں استعمال کی جارہی ہے۔

وائبر کو خریدنے کے بعد جہاں راکوٹن کو مزید نئے صارفین ملیں گے وہیں وائبر کو بھی مزید پزیرائی ملنے کا امکان ہے۔ کیونکہ اکثر ایشیائی ممالک میں صارفین غیرملکی کمپنیوں کی بجائے مقامی کمپنیوں پر بھروسہ کرتے ہیں۔