اینڈرائیڈ مارکیٹ اب گوگل پلے

گوگل کی جانب سے حال ہی میں اپنے اینڈرائیڈ ایپلی کیشن سٹور ، اینڈرائیڈ مارکیٹ کا نام بدل کر گوگل پلے رکھ دیا گیا ہے۔ اب گوگل پلے کے ذریعے صارفین اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز اور گیمز کے ساتھ ساتھ آن لائن گانوں ، فلموں اور ای بکس کی خریداری بھی کر سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے گوگل میوزک اور گوگل ای بک سٹور کو اینڈرائیڈ مارکیٹ میں ضم کر کے اس کا نام گوگل پلے رکھ دیا گیا ہے۔ اب تمام اینڈرائیڈ فونز پر مارکیٹ ایپلی کیشن کا نام گوگل پلے سٹور ہوجائے گا۔

گوگل کے مطابق اس اقدام کے لیے کافی عرصہ سے تیاری کی جارہی تھی، کیونکہ اینڈرائیڈ مارکیٹ کا دائرہ کار کافی محدود تھا۔ لیکن اب اس میں میوزک ، فلموں اور ای بکس کے اضافے سے مزید صارفین اس سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ جہاں پر 20000سے زائد گانے مفت اور بے شمار گانے خریدے جاسکتے ہیں، اسی کے ساتھ ساتھ 450000 سے زائد اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز ڈاونلوڈ کی جاسکتی ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے گوگل کا یہ اقدام موبائل کی دنیا میں اپنے سب سے بڑے حریف ایپل کی iTunes سے مقابلہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

آپ گوگل پلے کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ربط ملاحظہ کر سکتے ہیں: http://play.google.com/about