لیپ ٹاپ اور نیٹ بک میں کیا فرق ہے؟ کونسا کمپیوٹر خریدیں؟

آج ایک دوست نے مجھ سے سوال کیا کہ بھائی جان آپ سے ایک مشورہ کرنا ہے کہ میں لیپ ٹاپ خریدوں یا پھر وہ جو چھوٹا لیپ ٹاپ (نیٹ بک – Netbook) ہوتی ہے وہ خریدوں۔ میں نے انہیں جواب دیا کہ یہ تو آپ پر منحصر ہے کہ آپکو کس کی ضرورت ہے۔ وہ اس بات کا برا مان گئے اور کہنے لگے کہ یوں تو آپ آئی ٹی کے ’مامے‘ بنے پھرتے ہیں اور ایک مشورہ تو دے نہیں سکتے۔ میں نے انہیں سمجھایا کہ دراصل اس کا فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ کو کس کی ضرورت ہے ، میں صرف اتنا کر سکتا ہوں کہ آپ کو ان دونوں کے درمیان فرق واضح کیے دیتا ہوں تاکہ آپ کو آسانی رہے۔ خیر انہیں تو میں نے سمجھا دیا لیکن پھر سوچا کہ کیوں نہ یہ معلومات آپ لوگوں سے بھی شئیر کی جائیں۔

لیپ ٹاپ یا نوٹ بک (واضح رہے کہ لیپ ٹاپ کو ’نوٹ بک – Notebook‘ بھی کہا جاتا ہے لیکن چونکہ نوٹ بک اور نیٹ بک کے وجہ سے تھوڑی الجھن پیدا ہوسکتی ہے لہذا میں لیپ ٹاپ کا لفظ ہی استعمال کروں گا)کے بارے میں تو آپ جانتے ہی ہونگے کہ یہ ایک ایسا کمپیوٹر ہوتا ہے جو عام ڈیسک ٹاپ کی نسبت انتہائی چھوٹا ہوتا ہے ۔آپ اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ اٹھائے گھوم سکتے ہیں۔ اس میں کم و بیش ڈیسکٹاپ کمپیوٹر کی تمام خصوصیات موجود ہوتی ہیں جیسے سکرین، کی بورڈ ، ماؤس، سی ڈی / ڈی وی ڈی روم، ہارڈ ڈسک، گرافکس کارڈ وغیرہ۔ لیپ ٹاپ عام کمپیوٹر کے مقابلے کم بجلی خرچ کرتا ہے اور آپ اسے بیٹری کے ذریعے بھی چلا سکتے ہیں ۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ چھوٹا لیپ ٹاپ یا نیٹ بک میں لیپ ٹاپ کی خصوصیات ہی ہوتی ہیں لیکن وہ لیپ ٹاپ کی نسبت کافی چھوٹا اور ہلکا ہوتا ہے اور یہ لیپ ٹاپ کی نسبت کم بیٹری استعمال کرتا ہے اور سب سے اہم بات یہ لیپ ٹاپ کی نسبت نیٹ بک کم قیمت اور زیادہ دلکش ہوتی ہے۔۔ گو کہ آج کل الٹرابک کے نام سے نئے لیپ ٹاپ متعارف کروائے جارہے ہیں جو لیپ ٹاپ کی تمام خصوصیات رکھتے ہوئے بھی کم وزن اور کم بیٹری استعمال کرتے ہیں لیکن چونکہ وہ ابھی کافی مہنگے ہیں اور پاکستان میں متعارف ہونے میں شاید کچھ وقت لگے لہذا انہیں ابھی بحث سے باہر ہی رکھتےہیں۔

لیپ ٹاپ اور نیٹ بک میں ایک نمایاں فرق یہ ہے کہ ان کے سکرین سائز میں کافی فرق ہوتا ہے۔ لیپ ٹاپ  کی سکرین عام طور پر 14 سے 17 انچ کے درمیان ہوتی ہے جبکہ نیٹ بک کی سکرین زیادہ تر 10 سے 11 انچ کے درمیان ہوتی ہے۔

اسی طرح لیپ ٹاپ اور نیٹ بک کے درمیان ایک واضح فرق یہ ہوتا ہے کہ نیٹ بک  کے چھوٹے سائز کے پیش نظر اس  میں آپٹیکل ڈرائیو، یعنی سی ڈی /ڈی وی ڈی روم نہیں ہوتی۔یہاں پر کچھ دوست یہ اعتراض کرتے ہیں کہ جب آپٹیکل ڈرائیو نہیں ہوگی تو وہ اپنی پسند کی فلمیں یا سافٹ وئیر کیسے انسٹال کریں گے؟ تو اس کا جواب یہ کہ اسکے لیے آپ یا تو انٹرنیٹ کی مدد لیں یا پھر یوایس بی فلیش ڈرائیو استعمال کریں۔ کیونکہ اگر نیٹ بک میں بھی سی ڈی روم لگا دی جائے تو پھر فرق کیا رہ گیا دونوں میں؟

عام طور پر نیٹ بک میں پراسیسر اور ریم بھی لیپ ٹاپ کی نسبت کم ہوتے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ نیٹ بک ، لیپ ٹاپ کے مقابلے میں گھٹیا چیز ہے۔

اصل میں لیپ ٹاپ اور نیٹ بک دونوں مختلف مقاصد کے لیے بنائے گئے ہیں۔ لیپ ٹاپ ان لوگوں کے لیے ہے جو پروگرامنگ ، گرافکس یا گیمز کے شوقین ہیں لیکن وہ ڈیسکٹاپ سے عاجز ہیں۔ لہذا انہیں کم وبیش وہی تمام فیچرز لیپ ٹاپ میں فراہم کیے جاتے ہیں جن میں تیز رفتار پراسیسر، ریم ، گرافکس کارڈ ، آپٹیکل ڈرائیو ، فل کی بورڈ وغیرہ شامل ہیں۔ اسکے مقابلے میں نیٹ بک ان لوگوں کے لیے ہے جو کمپیوٹر کو زیادہ تر تفریح کے لیے استعمال کرتےہیں۔ جیسے انٹرنیٹ کا استعمال ، فلمیں یا گانے دیکھنا  اور آفس کا تھوڑا بہت کام۔

لہذا اگر آپ کمپیوٹر کے شوقین تو ہیں لیکن صرف تفریح کی حد تک اور چاہتے ہیں کہ اسے باآسانی ہر وقت ساتھ اٹھائے بھی پھریں تو یقیناً نیٹ بک یا چھوٹا لیپ ٹاپ آپ کے لیے موزوں رہے گا۔ کیونکہ یہ عام طور پر 5 سے 6 گھنٹے کا بیٹری ٹائم بھی فراہم کرتا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ اپنے چھوٹے سائز اور ہلکے وزن کی بدولت آپ پر بوجھ بھی نہیں بنتا۔ لیکن اگر کمپیوٹر پروفیشنل ہیں تو یقیناً ایک اچھا لیپ ٹاپ آپکے لیے موزوں ہوگا اور یہ بات مجھے آپ کو بتانے کی ضرورت نہیں۔