بلاگ میں اردو کا بہترین استعمال : ایوارڈ آئی ٹی نامہ کے نام

گذشتہ روز کراچی کے ریجنٹ پلازہ میں دوسرے پاکستان بلاگ ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک رنگا رنگ محفل سجائی گئی جس میں پاکستان بھر سے بلاگرز، سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد اور بہت سی مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ایوارڈز کی تقریب کراچی میں منعقد ہونے کے باعث میں اس میں شرکت نہ کر پایا جسکا مجھے افسوس رہے گا۔

بلاگ ایوارڈز پاکستانی بلاگرز کے لیے آسکر ایوارڈ کا درجہ رکھتےہیں۔  اس بار ایوارڈز کے لیے 31 مختلف زمرہ جات منتخب کیے گئے جن میں 310 بلاگرز نے اپنے بلاگ رجسٹر کروائے۔ اس حوالے سے اردو کے دو زمرے منتخب کیے گئے ، ’بہترین اردو بلاگر‘ اور’ بلاگ میں اردو کا بہترین استعمال‘۔

مجھے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان بلاگ ایوارڈز 2011 میں آئی ٹی نامہ نے اپنی کیٹیگری میں ایوارڈ جیت لیا ہے۔ اس موقع پر میں اور آئی ٹی نامہ کی تمام انتظامیہ پاکستان بلاگ ایوارڈز کی ٹیم کے ساتھ ساتھ اپنے  دوست اردو بلاگرز  اور قارئین کے تہ دل سے مشکور ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی بدولت آئی ٹی نامہ نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ۔ اسکے علاوہ ہماری جانب سے ایوارڈ جیتنے والے باقی تمام دوستوں کو بھی خصوصی مبارک باد، اور جو لوگ اس بار ایوارڈ نہیں جیت سکے ان کے لیے یہ پیغام کہ وہ محنت جاری رکھیں انشاء اللہ اگلی بار جیت انہی کی ہوگی۔

یہاں اس بات کاذکر کرتا چلوں کہ کچھ ذاتی مصروفیات اورسٹاف کی کمی کے باعث آئی ٹی نامہ پر آج کل پوسٹنگ کافی کم ہے ۔ اس حوالے سے میں آپ دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر آپ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور آئی ٹی نامہ کے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ اگر آپ اردو ٹائپ کرنا نہیں بھی جانتے تو آپ ہمیں اپنی تحاریر انگریزی یا رومن اردو میں لکھ کر بھی ارسال کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے رابطہ کا صفحہ استعمال کریں۔

امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اسی طرح آئی ٹی نامہ کو سراہتے رہیں گے اور ساتھ ساتھ ہماری اصلاح اوررہنمائی بھی کریں گے تاکہ پاکستانیوں اور اردو سمجھنے والے تمام افراد کے لیے ٹیکنالوجی کا یہ منبع ہمیشہ سرسبز وشاداب رہے۔