گوگل اپنے ماڈیولر اسمارٹ فون پراجیکٹ کو ختم کررہا ہے

گوگل اپنے ماڈیولراسمارٹ فون پراجیکٹ ، پراجیکٹ آرا Ara کو ختم کررہا ہے۔ یہ پراجیکٹ دراصل اسمارٹ فون کوٹکڑوں میں تقسیم کرنےکے آئیڈیا پر ہے۔جس سے آپ اگر اسمارٹ فون کی کوئی چیز اپڈیٹ کرنا چاہیں تواسے خریدیں اور فون میں لگادیں ۔ مثال کے طور پر آپ کو کیمرہ اپڈیٹ کرنا ہے تو کیمرہ کا پیس خریدیں اپنی مرضی کے مطابق اور فون میں لگادیں اور لیں جناب آپ کا فون اب آپ کی مرضی کے کیمرے کے ساتھ تیار ہے۔

یہ سننے میں تو بہت اچھا اور دلچسپ لگتا ہے لیکن حقیقت اس سے کہیں مختلف ہے اور اس بات کا اندازہ گوگل کو اس پراجیکٹ پر کچھ عرصہ کام کرنے کے بعد حاصل ہوا ہے۔

Project-Ara-itnama

اس آئیڈیا کا بنیادی مقصد کیا تھا ؟

اس آئیڈیا کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ اگر آپ ہر سال یا دو سال بعد  ایک نیا اور اچھا فون خریدتے ہیں تو یقیناً اس کی قیمت بھی تقریباً 30 ہزار سے 90 ہزار کے درمیان ہوتی ہوگی۔ تو بجائے اتنا خرچہ کرنے کے کیوں نہ صارف کو ہی یہ سہولت دے دی جائے کہ وہ اپنی  مرضی کے مطابق فون میں کوئی بھی چیز خود سے لگا سکے یا بدل سکے جس سے خرچہ بھی نہایت کم ہو اور نئی ٹیکنالوجی بھی حاصل ہوجائے۔

لیکن۔۔۔ حقیقت کچھ اور ہے

حقیقت یہ ہے کہ فرض کیجئے آپ نے کیمرہ بدلنا ہے اور آپ نے اسے خرید لیا ہے اب آپ جب فون پر اسے لگائیں گے تو اس بات کا یقین نہیں ہے کہ وہ کیمرہ واقعی آپ کے موجودہ ہارڈ ویئر پر کام کرے گا، تو جناب اب آپ کو کیمرہ کے ساتھ ساتھ جو ہارڈویئر سپورٹ نہیں کررہا اس کو بھی بدل کر نیا لگانا ہوگا تو خرچہ واپس اسی جگہ پہنچ جائے گا یعنی اتنا ہی خرچہ آئے گا جو ایک نئے اسمارٹ فون کو خریدنے پر آئے گا۔ آپ نے تمام خرچہ کرکے فون کو تو اپڈیٹ کرلیا لیکن اب آپ چاہتے ہیں کہ فون کا آپریٹنگ سافٹ ویئر بھی اپڈیٹ ہوجائے تو لیں جناب ایک اور مسئلہ کہ اینڈرائیڈ کا تارہ ورژن نوگٹ آپ  کا فون چلانے سے انکار کردےتو اگر ایسا ممکن ہو کہ آپ اس مسئلہ کو بھی ہارڈویئر بدل کر ٹھیک کرسکیں تو مزید خرچہ۔

ماڈیولر ایک برا آئیڈیا ہے

ماڈیولر برا آئیڈیا اس لیئے ہے کہ اس پر دیکھا جائے تو اپڈیٹ کرنے پر خرچہ ایک نیا فون خریدنے سے اگر کم بھی ہو تو زیادہ ہی شمار ہوگا کیونکہ اس کے ساتھ آپ کو اذیت بھی حاصل ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ کیا یہ آئیڈیا سننے میں جتنا دلچسپ ہے تیار ہونے اور مارکیٹ میں آنے کے بعد صارفین میں مقبولیت حاصل کرسکے گا ؟ اس کا جواب مشکل اس لیئے لگتا ہے کہ  صارفین صرف کسی بھی کمپنی سے اتنا چاہتے ہیں کہ فون کا ڈیزائن بہترین ہو ہارڈیئر موجودہ ٹیکنالوجی کے مطابق ہو اور آپریٹنگ سافٹ ویئر پر وقت کے ساتھ ساتھ اپڈیٹس آتی رہیں۔ جبکہ پراجیکٹ آرا یہ سب خواہشات پوری کرے ایسا ناممکن لگتا ہے اور اگر فرض کیا جائے کہ ایسا ممکن بھی ہو تو صارف کو ہر بار خرچہ اور تکلیف اٹھانی پڑے گی۔

ان سب وجوہات کو دیکھا جائے تو گوگل دوبارہ اس پراجیکٹ پر شائد ہی کام شروع کرے۔