وارد نے بالآخر صارفین کے لیے فور جی سروس کا آغاز کردیا

بالآخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور وارد نے اپنے صارفین کے لیے مفت فور جی ایل ٹی سروس ٹرائل کا آغاز کردیا۔ تاہم یہ سروس ابھی صرف لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے پوسٹ پیڈ صارفین کے لیے ہی موثر ہے۔

warid-4g-speed
وارد کی جانب سے اس ٹرائل کا باقاعدہ اعلان 17 نومبر کو کیا جائے گا تاہم وہ تمام صارفین جن کے پاس فور جی سمارٹ فونز ہیں اور انہیں وارد ٹیلی کام کی جانب سے ٹرائل میں شامل ہونے کی دعوت مل چکی ہے، وہ قریبی وارد کسٹمر سروس سنٹر سے مفت فور جی سم حاصل کرسکتے ہیں۔ امید ہے کہ بہت جلد یہ سروس پری پیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کروائی جائے گی۔

میں نے دو روز قبل اپنی وارد فور جی سم حاصل کی اور یہ جان کر مجھے بہت خوشی ہوئی کہ وارد فور جی سروس لاہور کے کم و بیش تمام بڑے علاقوں میں دستیاب ہے۔ میں نے یہ سروس گلبرگ، مال روڈ، سمن آباد، مزنگ، گلشن راوی، بندروڈ، ملتان روڈ، سبزہ زار، اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقوں میں استعمال کی ہے اور اسکی کوریج زونگ کی نسبت بہت بہتر ہے۔

screen
سپیڈ ٹیسٹ نتائج کے مطابق اسکی اوسط رفتار 12Mbps کے قریب ہے، تاہم چند علاقوں میں یہ رفتار 20Mbps سے بھی تجاوز کر جاتی ہے۔ ڈاؤنلوڈنگ کے ساتھ ساتھ وارد فورجی پر ویب براؤزنگ اور ویڈیو سٹریمنگ بھی بہت تیز رفتا ر ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس پر پنگ بہت کم ہے اور یہ آن لائن گیمنگ کے لیے بہت موزوں ہے۔

یہاں یہ بات ذہن میں رکھیے کہ اس ٹرائل کے دوران صرف فور جی سروس کا استعمال ہی مفت ہے، اگر آپ کوریج ایریا میں نہیں تو جی پی آر ایس استعمال کرنے پر چارجز پیکج پلان کے مطابق ہی ہونگے۔ ایک اور اہم بات یہ کہ اگر آپ نے سیکیورٹی ڈپازٹ 1000 روپے جمع کروا رکھے ہیں تو وارد فور جی سروس کے لیے آپ کو 1000 روپے مزید سیکیورٹی جمع کروانا ہوگی۔

warid-4g-lte-sim-card
وارد فور جی سروس حاصل کرنے سے پہلے اس بات کی تسلی کرلیجئے گا کہ آپ کا سمارٹ فون 1800MHz فریکیونسی بینڈ کی سپورٹ رکھتا ہے۔ تاہم سم کارڈ کے سائز کے متعلق پریشان مت ہوں۔ وارد کی جانب سے صارفین کو نئی Trio SIM فراہم کی جارہی ہے جس میں منی، مائیکرو اور نینو سم تینو سائز شامل ہیں۔

اگر آپ وارد فور جی سروس سے متعلق کسی قسم کی مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بلا جھجک تبصرہ فارم استعمال کیجئے۔