مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 متعارف کروا دی، ٹیکنیکل پری ویو ابھی ڈاؤنلوڈ کیجئے

windows-10-pakistan

مائیکروسافٹ نے گذشتہ روز سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروا دیا۔ خیال کیا جارہا تھا کہ اس کا نام ونڈوز 9 ہوگا، کیونکہ ابھی تازہ ترین ورژن ونڈوز 8.1 ہے تاہم مائیکروسافٹ نے اسکے لیے ونڈوز 10 کا نام تجویز کیا ہے۔ شاید اسکی وجہ یہ ہے کہ ونڈوز 9 تو عمار افضل بنا رہے تھے (ایک لطیفہ)۔

مائیکروسافٹ آپریٹنگ سسٹمز ڈویژن کے سربراہ ٹیری میئرسن کے مطابق ونڈوز 10 پچھلے تمام ورژنز کی نسبت بہت زیادہ تبدیلیاں لے کر آرہی ہے اور پہلی بار 4 انچ سے 80 انچ سکرین کی حامل تمام ڈیوائسز پر ایک ہی طرح کا آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا جاسکے گا۔ ونڈوز 10 کا یوزانٹرفیس تو موبائل، ٹیبلیٹ اور کمپیوٹرز کے لیے مختلف ہوگا تاہم اسکا ایپ سٹور تمام ڈیوائسز کے لیے ایک ہی ہوگا اور صارفین کو ایک ہی طرح کی ایپس بار بار نہیں خریدنا پڑیں گی۔

صارفین کی جانب سے ونڈوز 8 کے ٹچ سکرین انٹرفیس پر کڑی تنقید سامنے آئی تھی، خاص کر وہ صارفین جو کی بورڈ اور ماؤس کا استعمال پسند کرتے ہیں انہیں ونڈوز کا ماڈرن (میٹرو) انٹرفیس ایک آنکھ نہ بھایا۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد 2 سال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود ابھی بھی ونڈوز 7 ہی استعمال کررہی ہے۔

اسی خامی کو دور کرتے ہوئے ونڈوز 10 میں ایک بار پھر سے روایتی انٹرفیس کو شامل کرلیا گیا ہے اور صارفین کے پرزور اصرار پر سٹارٹ مینو بھی واپس آگیا ہے۔ تاہم ایسا نہیں کہ ٹچ اور ونڈوز  8 کے تمام فیچرز کو نکال باہر کیا گیا ہو۔

start-menu
ونڈوز 10 میں صارفین ٹچ ایپلی کیشنز کو فل سکرین کی بجائے ونڈو کے اندر بھی چلا سکتے ہیں اور لائیو ٹائلز کو سٹارٹ مینو یا ڈیسکٹاپ پر بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ایک نیا فیچر ورچوئل ڈیسکٹاپ کا ہے، جسکی بدولت صارفین ایک وقت میں ایک سے زائد ڈیسکٹاب تخلیق کرسکتے ہیں اور ہر ایک پر مختلف ایپلیکیشن استعمال کرسکتے ہیں (بالکل اوبنٹو کی طرح)۔

ونڈوز 10 میں Continuum کے نام سے بھی ایک فیچر متعارف کروایا گیا ہے جو ٹچ سکرین لیپ ٹاپ صارفین کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا، اور وہ ایک کلک سے ٹچ سکرین یا کی بورڈ ورژن پر منتقل ہوسکیں گے۔

ونڈوز 10 کے تمام فیچرز کا پتہ تو اسے استعمال کرکے ہی چلے گا، تاہم کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس کی ریلیز تک اس میں تبدیلیاں کرتےرہیں گے۔ اس حوالے سے ونڈوز 10 کا  ٹیکنیکل پری ویواس لنک پر دستیاب ہے۔ آپ اسے اپنے ونڈوز 8 یا ونڈوز 7 کمپیوٹر پر ڈاؤنلوڈ اور انسٹال کرسکتے ہیں، مگر یاد رکھیے کہ ابھی اس میں بہت سی خامیاں بھی ہوسکتی ہیں اور یہ بھی عین ممکن ہے کہ آپ کے لیپ ٹاپ یا ڈیسکٹاپ کے ڈرائیور اور سافٹوئیر اس پر کام نہ کریں۔

windows-10-features
مائیکروسافٹ کی جانب سے ابھی ونڈوز 10 کی قیمت کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، چند حلقوں کی جانب سے ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ شاید یہ ورژن مفت فراہم کیا جائے تاہم شاید ایسا نہیں ہو۔ ایک اور بات یاد رکھیے کہ اگر آپ ونڈوز 10 کا ٹیکنیکل پری ویو انسٹال کرتے ہیں تو اسکی معیاد 15 اپریل ہے، جسکے بعد آپ کو اسے اپگریڈ کرنا لازم ہوگا۔