لاہور کی ایجرٹن روڈ ایکسچینج میں آگ لگنے سے ٹیلی اور انٹرنیٹ کی سروسز معطل

پی ٹی سی ایل کی ایجرٹن روڈ لاہور ایکسچینج میں کل رات لگنے والی آگ کے سبب شہر کے بیشتر حصوں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

ptlc
ایجرٹن روڈ ایکسچینج فائبر آپٹکس اور براڈ بینڈ سروسز کا محور ہے اور لاہور سمیت وسطی پنجاب کے بیشتر علاقوں کی ایکسچینجز اس سے منسلک ہیں۔ نیجتاً آگ لگنے کے سبب نہ صرف لاہور بلکہ دیگر شہروں میں بھی سروسز کی فراہمی معطل ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ سرکاری ہیلپ لائنز، ایدھی اور ریسکیو 1122 کی سروسز بھی تعطل کا شکار ہیں۔

فائر برگیڈ عملہ کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ تو ابھی نہیں بتائی جاسکتی تاہم قوی امکان ہے کہ یہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا ہو۔ عمارت میں آگ سے بچاؤ کا مناسب سامان نہ ہونے کے سبب اس پر فوری طور پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

فائبر آپٹک کیبلز کا جال اور حساس نوعیت کی مشینری نے ایک بار آگ پکڑ لی تو اسے بجھانا کافی مشکل تھا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق عمارت کا 50 فیصد حصہ جل کر خاکستر ہوچکا ہے، تاہم زیر زمین موجود سامان ابھی محفوظ ہے۔

پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق ایجرٹن روڈ سے تمام سروسز کو فی الوقت گارڈن ٹاؤن ایکسچینج منتقل کردیا گیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اگلے 12 گھنٹوں کے اندر شہر میں مواصلات کے نظام کو جزوی طور پر بحال کر دیا جائے گا۔ آگ لگنے کے سبب تھری جی سروسز، اے ٹی ایم مشینز اور دیگر انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

اگر آپ لاہور یا اسکے گرد نواح سے تعلق رکھتے ہیں، تو ہمیں بتائیے کہ کیا آپ کا انٹرنیٹ اور ٹیلی فون صحیح کام کررہاہے؟