اب تمام لیپ ٹاپس پر ایک ہی چارجر استعمال کیا جاسکے گا، آئی ای سی نے یونیورسل سٹینڈرڈ جاری کر دیا

لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین اس مشکل سے باخوبی آگاہ ہونگے کہ کم و بیش تمام کمپنیوں کے لیپ ٹاپ مختلف قسم کے چارجر استعمال کرتے ہیں، حتی کہ ایک ہی کمپنی کے مختلف ماڈلر میں چارجنگ پن سائز کا فرق ہوتا ہے۔ جسکی وجہ سے آپ کو اپنے لیپ ٹاپ کے ساتھ اسکا چارجر بھی رکھنا پڑتا ہے کیونکہ کسی دوسرے لیپ ٹاپ کا چارجر آپ کے کام نہیں آتا۔charger

تاہم انٹرنیشنل الیکٹرانیکل کمیشن کی جانب سے حال ہی میں تمام ہارڈوئیر کمپنیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لیپ ٹاپ کے چارجر کے لیے ایک ہی سٹینڈرڈ استعمال کریں۔ ایک ہی سٹینڈرڈ استعمال کرنے سے جہاں صارفین کو چارجر ڈھونڈنے کی پریشانی سے نجات ملے گی وہیں الیکٹرانکس فضلے میں بھی کمی ہوگی۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال الیکٹرانکس مصنوعات کے چارجرز کا فضلہ کم و بیش پانچ لاکھ ٹن ہوتا ہے۔

اس سے قبل 2011 میں الیکٹرانیکل کمیشن نے موبائل فونز کے لیے بھی ایک چارجر سٹینڈرڈ جاری کیا تھا، جسکے تحت تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فونز میں ایک ہی طرح کی چارجنگ پورٹ استعمال کریں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کم و بیش تمام سمارٹ فونز (ماسوائے ایپل اور سونی) ایک ہی طرح کا چارجر استعمال کیا جاسکتاہے۔