چین نے مائیکروسافٹ سے ونڈوز ایکس پی کی سپورٹ جاری رکھنے کی اپیل کر دی

آپ سب دوستوں نے یقیناً مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی تو ضرور استعمال کی ہوگی اور بہت سے دوست یہ بھی جانتے ہونگے کہ مائیکروسافٹ کے اعلان کے مطابق 8 اگست 2014 کو ونڈوز کے اس ورژن کی سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔

Lenovo-Warns-of-Hacker-Attacks-on-Windows-XP-Beyond-End-of-Support-402335-2

سپورٹ ختم کرنے سے مراد یہ ہے کہ کمپنی اس کے بعد سافٹوئیر میں موجود خرابیوں اور بگز کو درست کرنے کی ذمہ دار نہ ہوگی۔ اسی طرح دیگر سافٹوئیر بنانے والی کمپنیاں بھی ونڈوز ایس پی کے لیے ایپلی کیشنز بنانا چھوڑ دیں گی۔  جسکی وجہ سے ہیکرز کے لیے بہت آسان ہوگا کہ وہ آپکی معلومات چوری کر سکیں۔

گو کہ صارفین کی اکثریت اب ونڈوز کے نئے ورژنز جیسے ونڈوز 7 اور 8 پر منتقل ہوچکی ہے لیکن پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ابھی بھی ونڈوز ایکس پی صارفین کی تعداد قابل ذکر ہے۔ پریشانی کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر سرکاری دفاتر اور کمپنیوں میں ابھی بھی ونڈوز ایکس پی کا استعمال کیا جارہاہے۔

چین کے خبر رساں ادارے کے مطابق کاپی رائیٹ ایڈمنسٹریشن ادارے کے سربراہ Yan Xiohong آجکل مائیکروسافٹ انتظامیہ سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور کمپنی کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کررہے کہ وہ مزید چند سال اس آپریٹنگ سسٹم کو زندہ رکھیں۔

china-os-stats

انہوں نے مائیکروسافٹ کے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ اگر ایکس پی کی سپورٹ کو فی الفور ختم کر دیا گیا تو ہیکرز کے لیے بہت آسان ہوگا کہ وہ چینی حکومت کے سرکاری رازوں تک رسائی حاصل کر لیں، کیونکہ چین میں ابھی بھی سرکاری مشینری ونڈوز ایکس پی ہی استعمال کر رہی ہے۔ دوسری طرف اس اقدام سے پائریسی کو بھی فروغ ملے گا اور صارفین جو اپ گریڈ کی استطاعت نہیں رکھتے وہ مجبورا غیرقانونی طریقوں سے ونڈوز 7 یا 8 ڈاؤنلوڈ کریں گے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا مائیکروسافٹ چین کی اس اپیل پر غور کرتی ہے یا پھر اسے نظر انداز کرتے ہوئے اگلے سال اگست میں ہی ونڈوز ایکس پی کا چراغ گل کر دیا جائے گا۔