کیوبی نے ’اضافی چارجز‘ میں بھی اضافہ کر دیا

وائرلیس انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کیوبی کی جانب سے اس ماہ کے آغاز پر سروس چارجز کو 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔

qubee-service-charges

گذشتہ سال کیوبی سمیت تمام وائرلیس انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے 50 روپے ماہانہ سروس چارجز کا شوشہ چھوڑا گیا تھا۔ جس پر پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے چپ سادھے رکھی اور اب اس سال ان ’اضافی چارجز‘ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کیوبی کی جانب سے شائع کیے گئے اعلان کے مطابق چارجز میں اضافہ آئے روز بڑھنے والی مہنگائی کی وجہ سے کیا گیا۔ انٹرنیٹ کمپنیوں کا موقف اس لحاظ سے درست ہے کیونکہ ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جہاں عام عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں ٹیلی کام کمپنیوں کے اخراجات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ مقابلے کی اس دوڑ میں کمپنیاں جہاں نت نئے اور سستے پیکجز فراہم کررہی ہیں وہیں اپنی آمدن اور اخراجات کے تناسب برقرار رکھنے کے لیے مختلف قسم کے ٹیکسوں کا سہارا لیا جارہاہے۔

خیال یہی ہے کہ موبائل فون کمپنیوں کی روش پر چلتے ہوئے کیوبی کے اس اقدام کے بعد اب وائرلیس انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی دوسری کمپنیاں وطین اور وائی ٹرائیب بھی جلد اپنے سروس چارجز میں اضافہ کر دیں گی۔