فیس بک ہوم کیا ہے؟ اور پہلا فیس بک فون ایچ ٹی سی فرسٹ

فیس بک کی جانب سے گذشتہ روز امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع کمنپی کے ہیڈ آفس میں منعقد ایک تقریب میں اینڈرائیڈ فونز کے لیے نیا لانچر فیس بک ہوم متعارف کروایاگیا۔  اسکے ساتھ ہی اس لانچر سے مزین پہلا فون HTC First بھی لانچ کیا گیا۔ ہوم لانچر اور ایچ ٹی سی کا نیا فون 12 اپریل سے دستیاب ہونگے۔

facebook-home

فیس بک ہوم کیا ہے؟
فیس بک ہوم دراصل اینڈرائیڈ فونز کے لیے نئی ایپلی کیشنز کا ایک مجموعہ ہے۔ جس میں کور فیڈ، نوٹیفیکشنز، چیٹ ہیڈز اور ایپلی کیشن لانچر شامل ہیں۔

فیس بک ہوم انسٹال کرنے یا ایچ ٹی سی فرسٹ فون پر جب آپ اپنا فون آن کریں گے تو سب سے پہلے آپ کو کور فیڈ دکھائی دے گی۔ جس میں آپ کے دوستوں کے تازہ ترین اپڈیٹ دکھائے جائیں گے۔ آپ اسے فون کی لاک سکرین بھی کہہ سکتے ہیں۔

cover

نوٹیفیکیشن ایپلی کیشن کے ذریعے اب آپ کو فیس بک اور دیگر ایپلی کیشنز کی نوٹیفیکشنز زیادہ بڑے اور واضح انداز میں دکھائی جائیں گی۔

notif

چیٹ ہیڈز ایک ایسا فیچر ہے جسکی بدولت آپ ہر وقت اپنے دوستوں سے رابطہ میں رہ سکیں گے۔ چاہے آپ کوئی بھی ایپلی کیشن استعمال کررہے ہوں آپ کے دوست بدستور آپ کو پیغام بھیج سکیں گے اور انکے پیغام آپکی دوسری ایپلی کیشن کے اوپر نمودار ہوجائیں گے۔

chat-heads

ایپلی کیشن لانچر کی بدولت آپ اپنی تمام ایپلی کیشنز کو اپنی پسند سے ترتیب دے سکیں گے۔ اگر آپ اینڈرائیڈ فون پر لانچر کے استعمال سے واقف ہیں تو یہ ایپلی کیشن اس سے کچھ مختلف نہیں۔

launcher

فیس بک فون : ایچ ٹی سی فرسٹ
اس تقریب میں ایچ ٹی سی کی جانب سے تیار کیا گیا خصوصی فون ایچ ٹی سی فرسٹ بھی متعارف کروایا گیا۔ جسکی خاص بات یہ ہے کہ اس میں فیس بک ہوم کو پہلے سے ہی شامل کر دیا گیاہے۔

فون کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:

  • 4.3 انچ لمبی سکرین
  • ڈؤل کور سنیپ ڈریگن 400 پراسیسر
  • 5 میگا پکزل کیمرہ اور 1.6 ویڈیو کالنگ کیمرہ
  • اینڈرائیڈ جیلی بین 4.1

first

ایچ ٹی سی کا یہ فون امریکی ٹیلی کام کمپنی AT&T صارفین کے لیے 12 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔ تاہم کسی بھی اینڈرائیڈ فون کو فیس بک فون بنایا جاسکتاہے بس اسکے لیے آپ کو فیس بک ہوم کی ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کرنا ہوگی جو 12 اپریل سے گلیکسی ایس 3، نوٹ 2، گلیکسی ایس 4، ایچ ٹی سی ون، ون ایکس اور ون ایکس پلس کے لیے دستیاب ہوگی۔ امید ہے کہ باقی فونز کے لیے بھی کمپنی جلد ہی یہ ایپلی کیشن لانچ کر دے گی۔phones

اگر آپ اطمینان سے جائزہ لیں تو فیس بک کی اس نئی ہوم ایپلی کیشن میں کوئی بھی انوکھی یا نئی بات نہیں ہے، اینڈرائیڈ فونز کے لیے اس سے بہتر لانچر پہلے سے ہی موجود ہیں اور فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپلی کیشن بھی آپ کی تمام ضروریات کو پورا کرتی ہے۔ آپ کبھی یہ نہیں چاہیں گے اپنے موبائل پر انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے یک دم آپ کے دوستوں کے سر آپکی سکرین پر نمودار ہوجائیں یا اگر آپ غلطی سے اپنا فون گما بیٹھیں تو کوئی بھی فرد آپکی تمام سرگرمیوں سے فوری طور پر واقف ہوجائے۔

فیس بک کی اس نئی ایپلی کیشن کی بدولت آپ خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماریں گے۔ فیس بک کو صرف آپ کے بارے میں ابھی وہی معلومات حاصل ہیں جو آپ نے خود اپنی مرضی سے فراہم کیں ہیں جیسے آپکے دوستوں کی لسٹ، آپ کی وہ تصاویر جو آپ اپلوڈ کرتے ہیں یا آپکے سٹیٹس پیغامات وغیرہ۔ مگر ہوم ایپلی کیشن آپ کے اینڈرائیڈ فون پر تمام ممکن Permissions حاصل کرلے گی۔ جسکی بدولت آپکی بے خبری میں یہ ایپلی کیشن آپکے ایس ایم ایس یا ای میلز پڑھ سکے گی۔ آپ کی کالز ریکارڈ کرسکے گی یا پھر آپ کی بے خبری میں آپکے فون کا کیمرہ یا مائیکروفون استعمال کرتے ہوئے آپکی زندگی کا ایک ایک لمحہ ریکارڈ کرلے گی۔

facebook-home-android

میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فیس بک کمپنی واقعی ایسا کرے گی یا اسکا کوئی ایسا ارادہ ہے۔ عام خیال یہی ہے کہ اس نئی ایپلی کیشن کی بدولت کمپنی آپ کو بہتر اشتہارات دکھا سکے گی۔ جس طرح گوگل آپکی ای میلز کو سکین کر کے آپ کو آپکی پسند کے اشتہارات دکھاتا ہے اسی طرح اب فیس بک بھی آپکی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے آپ کو صرف وہی اشتہارات دکھائے گی جس میں آپ کی دلچسپی ہو۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ہوم ایپلی کیشن آپ کی لوکیشن کی معلومات نہیں حاصل کرے گی اور فی الوقت یہ تمام اشتہارات سے پاک ہے۔ تاہم ہر ماہ اس ایپلی کیشن کو اپڈیٹ کیا جائے گا اور کب یہ permissions اس میں شامل کر دی جائیں آپکو خبر بھی نہ ہوگی۔