موبی لنک صارفین جلد موبائل بیلنس سے ونڈوز فون ایپلی کیشنز خرید سکیں گے

موبی لنک کی صدر کمپنی VimpelCom کی جانب سے حال ہی میں مائیکروسافٹ اور نوکیا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا ہے جسکے تحت اب موبی لنک صارفین اپنے پری پیڈ یا پوسٹ پیڈ اکاؤنٹ کے ذریعے ونڈوز فون ایپلی کیشنز خرید سکیں گے۔

mobilink

اس معاہدے کے نتیجے میں اس سال کے اختتام تک موبی لنک صارفین اپنا پری پیڈ بیلنس استعمال کرتے ہوئے ونڈوز فون سٹور میں موجود خصوصی VimpelCom شیلف سے 200 کے قریب مشہور ایپلی کیشنز گیمز اور میوزک خرید سکتے ہیں۔ جبکہ پوسٹ پیڈ صارفین انکی ادائیگی اپنے ماہانہ بل میں کریں گے۔

اس سے قبل ونڈوز فون سٹورسے ایپلی کیشنز اور گیمز کے لیے آپ کو کریڈٹ کارڈ استعمال کرنا پڑتا تھا۔ گو کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے چند ممالک میں اب Paypal کے ذریعے بھی ایپلی کیشنز خریدنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے مگر پاکستان جیسے ملک جہاں یہ سروس دستیاب نہیں اور اکثریت کے پاس کریڈٹ کارڈ بھی موجود نہیں وہاں اپنی من پسند ایپلی کیشنز خریدنا بہت مشکل تھا۔

امید ہے کہ جلد دیگر نیٹورک آپریٹرز نہ صرف ونڈوز فون بلکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے بھی ایسی سروس متعارف کروائیں گے۔