وطین ٹیلی کام جلد پاکستان کے متعدد شہروں میں اپنی سروسز بند کر رہی ہے

انٹرنیٹ ، ٹیلی فون اور دیگر ملٹی میڈیا سروسز فراہم کرنے والی کمپنی وطین ٹیلی کام نے سال 2007 میں پاکستان میں اپنی کام کا آغاز کیا۔ وطین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کمپنی نے پاکستان میں پہلی بار WiMAX نیٹورک کو متعارف کروایا۔

شروع شروع میں تو کمپنی نے کافی مقبولیت حاصل کی اور وہ صارفین جو پی ٹی سی ایل یا لنک ڈاٹ نیٹ کا انٹرنیٹ نہیں لگوا سکتے تھے انہوں نے وطین کے وائرلیس انٹرنیٹ کا انتخاب کیا۔ لیکن وقت سے ساتھ کمپنی کی سروسز کا معیار گرتا گیا، اسی طرح عالمی معاشی بحران اور کمپنی کے شئیرز کی قیمت گرنے سے اسے کافی نقصان پہنچا۔

closed

2011 میں کمپنی کو ایک بار پھر لانچ کیا گیا اور اس بات کا عظم کیا گیا کہ جلدہی وطین اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی۔ مگر افسوس کہ ایسا نہ ہوسکا اور صارفین کی ایک بڑی اکثریت وطین کو چھوڑ کر دیگر نیٹورکس پر منتقل ہوگئی۔

گرتے ہوئے سروس کے معیار اور صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے کمپنی کی جانب سے اب ایک نئی حکمت علی تیار کی گئی ہے جس کے تحت کمپنی بہت سے شہروں جیسے ، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ اور حیدرآباد میں اپنی سروسز یکم فروری 2013 سے بند کررہی اور ان شہروں میں موجود صارفین کو پی ٹی سی ایل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صارفین کو پیغامات ارسال کیے جارہے ہیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی اس بات کا اعلان باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا۔

چھوٹے شہروں میں سروسز بند کرنے کے بعد کمپنی اپنے تمام تر وسائل کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں استعمال کرے گی تاکہ یہاں صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جاسکے۔

کیا کمپنی کی یہ نئی حکمت عملی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے سکے گی؟ اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے لیکن اس فیصلہ سے ان شہروں میں موجود صارفین بہت نالاں نظر آتے ہیں جنہیں بھیڑ بکریوں کی طرح پی ٹی سی ایل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔