سام سنگ کی جانب سے جلد گلیکسی ایس 4 متعارف کروائے جانے کا امکان

سام سنگ کی جانب اس سال مئی کے مہینے میں کمپنی کا مشہور ترین سمارٹ فون گلیکسی ایس تھری متعارف کروایا گیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے اس فون کے لیے خاص طور پر تشہیری مہم تیار کی گئی جس کا اصل ہدف ایپل آئی فون اور آئی فون استعمال کرنے والے صارفین تھے۔ اپنی ان کاوشوں کی بدولت سام سنگ نے بہت سے ایپل صارفین کو بھی اپنا دیوانہ بنا لیا اور فروخت کے حوالے سے آئی فون کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

سام سنگ گلیکسی ایس تھری کے مارکیٹ میں آنے کے بعد ہی اگلے ورژن گلیکسی ایس 4 کے پر کشش فیچرز کے بارے میں افواہیں گردش کرنے لگیں تھیں ، لیکن سام سنگ کی جانب سے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی جاتی رہی کی تاکہ اسکا اثر گلیکسی ایس تھری کی فروخت پر نہ پڑے۔

لیکن گذشتہ روز کمپنی کے بلاگ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں سام سنگ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اگلے سال جنوری میں منعقد ہونے والے کنزیومر الیکٹرک شو میں کچھ نیا متعارف کروانے جارہے ہیں۔ گو کہ اس بارے میں تفصیلات تو فراہم نہیں کی گئیں کہ یہ نئی چیز کیا ہوگی لیکن موبائل فون انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق یہ سام سنگ گلیکسی ایس 4 ہوسکتا ہے کیونکہ سام سنگ کی کوشش ہے کہ وہ اپنا نیا فون آئی فون 6 سے پہلے ہی متعارف کروا دیں۔

سام سنگ گلیکسی ایس 4 کے بارے میں اب تک مختلف افواہیں سامنے آتی رہی ہیں جنکے مطابق اس میں کواڈ کور پراسیسر، 2 جی بی ریم اور 13 میگا پکزل کیمرہ نصب ہوگا۔ اسی طرح گلیکسی ایس تھری کے مقابلے میں اس فون میں نہ ٹوٹنے والی سکرین نصب کی جائے گی۔ کیونکہ ایس 3 کے اکثر صارفین کو یہی شکایت تھی کہ فون بہت نازک ہے اور گرنے سے اسکی سکرین فوری طور پر ٹوٹ جاتی ہے۔

کنزیومر الیکٹرک شو اگلے سال 8 تا 11 جنوری امریکہ میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر سے کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اس شو میں گلیکسی ایس 4 کو متعارف کروایا جائے گا یا نہیں۔