اینڈرائیڈ کےلیے VLC میڈیا پلئیر کا آفیشل ورژن جاری کر دیا گیا

آپ کو یادہوگا کہ کچھ عرصہ قبل ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ایک اینڈرائیڈ ڈیویلپر نے اپنے طور پر مشہور زمانہ ملٹی میڈیا پلئیر VLC کا اینڈرائیڈ ورژن پیش کیا ہے۔ تو لیجئے جناب اب کمپنی کو بھی خیال آہی گیا اور اینڈرائیڈ کے لیے VLC میڈیا پلئیر کا آفیشل ورژن جاری کر دیا گیا ہے۔

vlcmediaplayer-android
فی الحال اس کا بیٹا ورژن جاری کیا گیا ہے جو کہ صرف ARMv7 پراسیسر کے حامل موبائل فونز پر ہی کام کرتا ہے۔ لہذا ابھی اسکی کارکردگی پر تبصرہ کرنا تھوڑا مشکل ہے۔اس ورژن میں ہوم سکرین کے لیے ایک وجٹ بھی شامل کیا گیا ہے جسکی مدد سے آپ فوری طور پر گانے یا ویڈوز چلا یا انہیں روک سکتے ہیں۔ یہ میڈیا پلئیر اینڈرائیڈ 2.1 اور نئے ورژنز کے لیے دستیاب ہے۔

آپ VLC کا اینڈرائیڈ ورژن پلے سٹور کے اس ربط سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر یہ میڈیا پلئیر آپ کے موبائل فون پر کام نہیں کررہا تو گھبرائے مت کمپنی کی جانب سے جلد ہی ARMv6 پراسیسر موبائل فونز اور ٹیبلیٹس کے لیے بھی خصوصی ورژن پیش کیے جائیں گے۔

منبع