زیر سمندر کیبل SMW4 میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروسز تعطل کا شکار

گذشتہ روز سے پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے سست انٹرنیٹ اور مشہور ویب سائیٹس جیسے گوگل اور فیس بک نہ کھلنے کی شکایت کی جارہی تھی۔ آج مختلف انٹرنیٹ کمپنیوں کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات کے مطابق انٹرنیٹ سروس میں تعطل کی وجہ پاکستان کو مواصلات کی سروس فراہم کرنے والی زیر سمندر SMW4 کیبل میں خرابی ہے۔

ذراع کے مطابق پاکستان ، جنوبی ایشیاء ، مشرق وسطی اور دیگر یورپی ممالک کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والی یہ کیبل SEA-ME-WE 4 مصر کےشہر الیگزینڈریا کے مقام پر خرابی کا شکار ہوئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ماضی میں بھی اسی مقام پر کیبل کٹنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے مطابق وہ فی الوقت بیک اپ سروسز کے ذریعے صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کررہے ہیں ، لیکن لوڈ زیادہ ہونے کے باعث صارفین کی انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ زیر سمندر کیبل میں خرابی کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم یہ رابطہ کب بحال ہوتا ہے اس بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔