تعلیمی مقاصد کے لیے خصوصی یوٹیوب متعارف

آپ میں سے قریباً تمام دوست یوٹیوب کے بارے میں تو جانتے ہی ہونگے۔ ہم میں سے اکثر لوگ اسے تفریحی مقاصد جیسے گانے ، سیاسی پروگرام یا دلچسپ و عجیب ویڈیوز دیکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن دنیا میں بہت سے لوگ اسے علمی مقاصد کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں اور اسکی مدد سے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نت نئی ایجادات اور تجزیوں سے باخبر رہتے ہیں۔

مگر کیا کیا جائے جناب جب بھی کوئی معلوماتی ویڈیو دیکھ رہے ہوں تو ساتھ میں متعلقہ ویڈیوز کی بار میں عاطف اسلم کا نیا گانا یا عجیب و غریب بلی والی ویڈیو نظر آجاتی ہے اور ہم اس پر کلک کر دیتے ہیں تو گویا یہ سلسلہ چل ہی نکلتا ہے اور جس مقصد کے لیے یوٹیوب کھولی تھی وہ ادھورا ہی رہ جاتاہے۔

متعلقہ ویڈیوز کے علاوہ دوسرے صارفین کی جانب سے دئے گئے کمنٹس بھی بعض اوقات دل آزاری کا باعث بنتے ہیں۔ بعض لوگوں کی جانب سے کمنٹس میں ویڈیو اپلوڈ کرنے والے یا آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ خوب لعن طعن کی جاتی ہے۔

اسی لیے یوٹیوب انتظامیہ نے اسکا حل ڈھونڈ نکالا ہے اور خصوصی یوٹیوب برائے تعلیمی سرگرمیاں متعارف کروا دی گئی ہے۔ دیکھنے میں تو یہ بالکل یوٹیوب جیسی ہی ہے لیکن نہ تو اس میں ’غیر نصابی‘ چٹ پٹی ویڈیوز ہیں اور نہ ہے مغلظات سے بھرے کمنٹس۔ لہذا اب اگر آپ فزکس سے متعلق کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو آپ کی توجہ کسی اور جانب بھٹکنے نہ پائے گی۔ اس نئی یوٹیوب کی بدولت اب تعلیمی اداروں کو یوٹیوب بلاک کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور اب وہ کلاس روم میں موضوع کی مناسبت سے یوٹیوب کی ویڈیوز دکھا کر اپنے لیکچرز کو مزید دلچسپ بنا سکتے ہیں۔

اس خصوصی یوٹیوب کے ساتھ آپ دنیا بھر سے قابل ترین اساتذہ کے لیکچر اور مختلف شعبہ جات سے متعلق معلوماتی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔

فی الوقت اس ویب سائیٹ پر مضامین کے لحاظ سے 300 مختلف لسٹیں ترتیب دی گئی ہیں جیسا کہ ریاضی ، انگریزی ، کیمیاء وغیرہ ۔ اس حوالے سے اساتذہ مضامین کے فہرست اس پتہ پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس نئی یوٹیوب کو ملاحظہ کرنے کے لیے یہ لنک فالو کریں: www.youtube.com/schools

امید ہے کہ اس خصوصی یوٹیوب سے اساتذہ اور طالب علم دونوں ہی استفادہ حاصل کریں گے اور محض کتابی کیڑا بننے کی بجائے دنیا بھر کے بہترین اساتذہ کی لیکچر ویڈیوز دیکھ کر اپنی تعلیمی قابلیت کو مزید بڑھائیں گے۔