وٹس ایپ گروپس میں ٹیگنگ فیچر اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب

وٹس ایپ کی جانب سے گذشتہ روز چپکے سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ٹیگنگ (Tagging) کا فیچر متعارف کروادیا گیا ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے اب آپ کسی بھی گروپ میں کسی ممبر کو ٹیگ کرسکیں گے۔ جسے ٹیگ کیا جائے گا اسے وٹس ایپ پر ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوگی کہ فلاں گروپ میں فلاں بند ے نے آپ کو ٹیگ کیا ہے اور آپ یہ پیغام پڑھ سکتے ہیں۔

whatsapp-tagging

یعنی اگر آپ نے کسی گروپ کو (Mute) بھی کر رکھا تھا تو اگر اس میں آپ کو ٹیگ کیا جائے تو آپ کو نوٹی فیکیشن موصول ہوگی۔ وٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے گروپس میں ہونے والی چیٹ میں کافی حد تک بہتری آئے گی اور ہر کسی کو باآسانی پتہ چل سکے گا کہ کونسا پیغام کس کے لیے لکھا گیا ہے۔ تاہم وہ لوگ جو نوٹی فیکیشنز سے گھبراتے ہیں وہ ہوشیار ہوجائیں کہ ٹیگ کی نوٹی فیکیشن کو بند کرنا فی الوقت ممکن نہیں۔

نیا فیچر صرف اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے ہے

یہاں یہ بات یاد رکھیے کہ ٹیگنگ فی الوقت صرف اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر وٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن  یعنی 2.16.272 میں ہی میسر ہے ، وہ تمام لوگ جوونڈوز فون یا ویب پر وٹس ایپ استعمال کرتے ہیں انہیں ابھی یہ سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ وٹس ایپ نے اب تمام گروپس میں ممبران کی حد بڑھا کر 256 تک کر دی ہے اور آئی او ایس میں (GIF) یعنی حرکت کرتی تصاویر بھیجنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔