اینڈ ٹو اینڈ اینکرپشن سے کیا مراد ہے اور اسکے فوائد کیا ہیں

آپ میں سے جو دوست موبائل فون پر میسجنگ کی ایپلی کیشنز جیسے وٹس ایپ وغیرہ استعمال کرتے ہیں انہوں نے حال ہی میں لفظ انکرپٹڈ میسجنگ (Encrypted Messaging) یا اینڈ تو اینڈ اینکرپشن (End-to-End Encryption) کے بارے میں ضرور سنا ہوگا۔ لیکن آخر یہ ہے کیا بلا اور عام صارفین کو اسکا کیا فائدہ یا نقصان ہے؟

encryption

اینکرپشن سے کیا مراد ہے؟

اینکرپشن دراصل ایک ایسی تکنیک ہے جس کی مدد سے کسی بھی قسم کے الیکٹرانک ڈیٹا کو سائفر ٹیکسٹ میں تبدیل کردیا جاتا ہے اور اسے ایک خاص کی (Key) کی مدد سے ہی اصل ڈیٹا کی صورت میں واپس لایا جاسکتا ہے۔

اینکرپشن کی تکنیک کوئی نئی نہیں، انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے آنے سے قبل بھی پیغام رسانی کے عمل کو محفوظ بنانے کے لیے اینکوڈنگ کا استعمال کیا جاتا تھا اور ایسے خفیہ الفاظ استعمال کیے جاتے تھے کہ کوئی دوسرا فرد انہیں سن یا پڑھ کر انکا مطلب جان نہ پائے، تاہم اینکرپشن اسکی ایک نئی شکل ہے جس میں کی صرف ایک ہی فرد کے پاس ہوتی ہے۔

encryption-1

اینکرپشن کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو موصول ہونے والا ڈیٹا کسی دوسرے فرد کے استعمال میں نہیں آسکتا اور آپ کو یہ تسلی ہوتی ہے کہ جو ڈیٹا آپ نے موصول کیا ہے وہ چاہے کسی ہیکر کے ہتھے بھی لگ چکا ہو، مگر وہ اسے کسی بھی صورت پڑھ نہیں پائے گا۔

آج سے چند سال قبل تک اینکرپشن  کی تکنیک صرف حکومتی افراد یا پھر فوج کے درمیان رابطہ کے لیے استعمال کی جاتی تھی تاہم دور جدید میں اب عام صارفین کو بھی اسکی ضرورت درپیش ہے۔ انٹرنیٹ پر بھیجے جانے والے پیغامات جو کہ اینکرپشن کے ذریعے محفوظ نہیں کیے جاتے انہیں کوئی بھی پڑھ سکتا ہے اور اس میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔

تاہم بعض اوقات اینکرپشن صرف ڈیٹا کو سرور پر اپلوڈ کرنے تک ہی فراہم کی جاتی ہےا ور سرور پر موجود ڈیٹا کسی بھی قسم کی اینکرپشن نہیں رکھتا ، بہت سی کمپنیاں جیسے فیس بک یہی تکنیک استعمال کررہی ہیں جسکی بدولت آپ کا تمام ڈیٹا غیر محفوظ ہے اور کوئی بھی حکومتی ادارہ فیس بک سے یہ تمام معلومات حاصل کرسکتا ہے۔

اینڈ ٹو اینڈاینکرپشن کیا ہے؟

اب  بات کرتے ہیں اینڈ ٹواینڈ اینکرپشن کی، جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے، ایسی اینکرپشن میں تمام تر ڈیٹا جیسے میسجز، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر فائلوں کو صارف کی طرف سے اینکرپشن کر کے دوسرے صارف کو بھیجا جاتا ہے اور دوسرے صارف تک ڈیٹا اینکرپٹڈ شکل میں ہی پہنچتا ہے جسے وہ اپنی کی استعمال کرتے ہوئے سادہ پیغام میں تبدیل کرتا ہے

۔ فی زمانہ اینکرپشن کا یہ طریقہ سب سے محفوظ ہے۔ جس میں دو صارفین کے درمیان ڈیٹا کی منتقلی کسی بھی قسم کی بیرونی تبدیلی سے محفوظ رہتی ہے۔ پاکستان میں میسجنگ کے لیے مشہور ترین ایپلی کیشن وٹس ایپ پر اب یہی اینکرپشن استعمال کی جارہی ہے اور اس کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات خود وٹس ایپ کمپنی بھی نہیں پڑھ سکتی۔

encryptions-whatsapp

صارفین کے لیے اینکرپشن فراہم کرنے پر امریکی ادارے اور دنیا بھر کی حکومتیں ، وٹس ایپ ایپل اور اس طرح کی دیگر کمپنیوں کے ان اقدامات سے خوش نہیں ۔ کیونکہ اب انکے لیے کسی بھی صارف کی ذاتی معلومات حاصل کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

اکثر دہشت گردی کو بہانہ بنا کر صارفین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے تاہم انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے اب عام عوام کو بھی یہ آگاہی فراہم کی ہے کہ کسی حکومت یا خفیہ ادارے کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ آپ کی پرائیویسی میں خلل انداز ہو۔

اس پوسٹ میں چند تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کے لیے ہم آئی ٹی ماہر امانت علی گوہر کے مشکور ہیں۔