سین ڈسک نے سب سے زیادہ سٹوریج والا 1 ٹیرا بائیٹ کا میموری کارڈ متعارف کروا دیا

ڈیٹا سٹوریج مصنوعات بنانے والی امریکہ کی سب سے بڑی کمپنی ویسٹرن ڈیجیٹل نے حال ہی میں دنیا کا سب سے زیادہ سٹوریج والا میموری کارڈ متعارف کروا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ جرمنی میں منعقدہ ایک نمائش کے دوران سین ڈسک کا 1 ٹیرا بائیٹ کا SDXC کارڈ متعارف کروایا گیا۔

sandisk-1tb

موبائل فونز میں تو مائیکرومیموری کارڈز استعمال ہوتے ہیں مگر باقی گیجٹس خصوصاً کیمروں میں روایتی SD کارڈ کا استعمال ہی کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل سب سے بڑا ایس ڈی کارڈ 512 گیگابائیٹ کی سٹوریج کے ساتھ دستیاب تھا جو 2014 میں ویسٹرن ڈیجیٹل نے ہی متعارف کروایا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سین ڈسک کا پہلا متعارف کروایا جانے والا کارڈ محض 64 میگا بائیٹ کی سٹوریج کا حامل تھا، اور آج 16 سال کے بعد اسکے سائز میں تبدیلی کیے بغیر اس کی سٹوریج کو  16000 گنا تک بڑھا دیا گیا ہے۔

فی الوقت اس کارڈ کا پروٹو ٹائپ تیار کیا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اگلے چند ماہ کے دوران اسے فروخت کے لیے بھی پیش کردیا جائے گا۔اسکی قیمت کے بارے میں ابھی کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں مگر اندازاً یہ 1000 امریکی ڈالر سے زیادہ ہوگی۔

یہ کارڈ کن صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگا؟

وہ صارفین جو ہائی ریزولیوشن ویڈیو ز تیار کرتے ہیں یا پھر ورچوئل ریئلیٹی اور 360 ڈگری ویڈیوز کی تیار ی میں یہ کارڈ کافی معاون ثابت ہوگا اور اسکی زیادہ سٹوریج کی بدولت بار بار کارڈ بدلنے کی ضرورت نہ ہوگی۔

تاہم اس کا ایک نقصان یہ بھی ہے کہ اگر کارڈ خراب ہوجائے تو یہ تمام ڈیٹا ضائع ہوجائے گا، کیونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ صارفین جب تک کارڈ کی مکمل سٹوریج ختم نہ ہوجائے اسکا ڈیٹا کسی دوسری ڈرائیو پر منتقل نہیں کرتے۔