سام سنگ نوٹ 7 میں بڑی خرابی، تمام فون واپس منگوانے کا فیصلہ

سمارٹ فونز کے حوالے سے سب سے زیادہ شہرت رکھنے والی کوریائی کمپنی سام سنگ نے حال ہی میں اپنی نوٹ سیریز کا نیا فون (نوٹ 7) لانچ کیاتھا ۔ یہ فون پاکستان میں بھی کم و بیش 94 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق نوٹ 7 اس وقت دنیاکا بہترین سمارٹ فون قرار دیا جاسکتا ہے۔

note7

تاہم سام سنگ  کی یہ بادشاہت اب کچھ خطرے میں محسوس ہورہی ہے۔ دنیا بھر میں نوٹ 7 صارفین یہ شکایت کررہے ہیں کہ فون کی بیٹری بے حد گرم ہوجاتی ہے اور کم و بیش 35 کے قریب فونز کی شکایت سام سنگ کو موصول ہوچکی ہے۔ جی ہاں فون کی بیٹری نامعلوم وجوہات کی بناء پر پھٹ رہی ہے یا اس میں آگ لگ جاتی ہے۔

سام سنگ کے لیے یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے۔ نوٹ 7 پر کمپنی نے خوب پیسا خرچا ہوا ہے اور اسکی اشتہار بازی کی بدولت ہی فون مہنگا ہونے کے باوجود دنیا بھر سے لاکھوں لوگ اسے دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں۔

تاہم بیٹری کی خرابی کے باعث اب کمپنی نے دنیا بھر میں ان فونز کی فروخت روک دی ہے۔ سام سنگ کے ایک نمائندہ کے مطابق کمپنی نے اب تک 2.5 ملین نوٹ 7 فون تیار کیے تھے جن میں بیٹری کی یہ خرابی دریافت ہوئی ہے اور اب ان تمام فونز کو واپس فیکٹری منتقل کیا جارہاہے۔ اس حوالے سے جن صارفین نے یہ فون خریدے ہیں ان سے پرانے فون لے کر انہیں جلد نئے فون فراہم کردیے جائیں گے۔

note-7-urdu

خرابی کا ذمہ دار کون ہے؟

بیٹری کی اس خرابی کی ذمہ دارسام سنگ کی ایک ذیلی کمپنی (سام سنگ ایس ڈی آئی ) ہے جو بیٹریاں بنانے کی ذمہ دار تھی۔ تاہم چین میں بیچے جانے فونز میں دوسری کمپنی کی بیٹری استعمال کی گئی ہے جس میں یہ خرابی موجود نہیں۔

سام سنگ کو اس خرابی کے باعث سٹاک مارکیٹ میں 7 بلین امریکی ڈالر کا خسارہ بھی برداشت کرنا پڑا اور دوسری طرف دنیا بھر میں اسکی کافی سبکی ہوچکی ہےکہ اتنی بڑی کمپنی ہونے کے باوجود کوالٹی کنٹرول اور ٹیسٹنگ پر توجہ نہ دی گئی۔ سام سنگ کے مخالفین اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے کیونکہ صارفین کی جان اور املاک اس فون کی وجہ سے خطرے میں ہیں، جو ایک بم کی طرح کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

تاہم کمپنی کا دعوی ہے کہ وہ جلد از جلد تمام فونز میں یہ خرابی دور کرکے صارفین کو بہترین فونز فراہم کریں گے۔