مائیکروسافٹ لومیا فون سیریز اس سال دسمبر میں ختم کر دی جائے گی

مائیکروسافٹ کی جانب سے آخری لومیا فون کم و بیش 6 ماہ پہلے متعارف کروایا گیا تھا اور گذشتہ چھ ماہ سی مائیکروسافٹ دنیا بھر میں اپنے لومیا فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کررہا ہے۔ جبکہ اکثر ممالک بشمول پاکستان میں مختلف پروموشنز کے تحت ایک فون کے ساتھ دوسرا فون مفت فراہم کیا جارہا ہے۔

نہ صرف یہ بلکہ مائیکروسافٹ نے سوشل میڈیا اوراپنی ویب سائیٹس پر بھی لومیا فونز کے لنک حذف کرنا شروع کر دیے ہیں۔ جس سے ایک ہی بات ظاہر ہوتی ہے کہ مائیکروسافٹ جلد از جلد اپنے لومیا فونز کا سٹاک ختم کرنے کے چکر میں ہےاوراب ایک رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے ایک ملازم نے اس بات کی تصدیق بھی کر دی ہے کہ کمپنی اس سال دسمبر میں لومیا سمارٹ فونز ختم کرنے کا اعلان کر دے گی۔

lumia-sales

مائیکروسافٹ نے نوکیا کو خرید کر غلطی کی

2014 میں جب مائیکروسافٹ نے نوکیا کو خریدا تھا تو کمپنی کا خیال تھا کہ شاید اسکے ونڈوز فون، اینڈرائیڈ اور آئی فون جیسی مقبولیت حاصل کرپائیں گے مگر وقت نے ثابت کردیا کہ مائیکروسافٹ کا یہ اقدام غلط تھا جسکی وجہ سے نہ صرف مائیکروسافٹ بلکہ نوکیا بھی مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا۔ نوکیا کی غلطی یہ تھی کہ وہ مائیکروسافٹ کے ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم سے چمٹا رہا جبکہ سام سنگ، ایچ ٹی سی اور دیگر مقابلے کی کمپنیوں کے اینڈرائیڈ کی مقبولیت کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر اسے اپنا لیا۔

تاہم مائیکروسافٹ ابھی بھی ونڈوز آپریٹنگ سسٹم سے مزین سرفیس فون (Surface Phone) لانچ کرنے کے درپےہے، مختلف افواہوں کے مطابق اسی سال مائیکروسافٹ اپنا یہ فون لانچ کرے گاا ور اسکا ہدف گوگل کے نیکسس اور آئی فون سے ٹکر لینا ہے۔

شاید مائیکروسافٹ ابھی بھی یہ بات قبول نہیں کر پارہا کہ اس کا ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم لاکھ اچھا سہی مگر صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہے۔