ہواوے اس سال کا بہترین فون آنر 8 پاکستان میں لانچ کرنے کے لیے تیار

ہواوے کےسمارٹ فون پاکستان سمیت ، دنیا بھر میں بڑی حد تک پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ اسکی ایک بڑی وجہ ان فونز کی قیمت ہے، جو کہ مقابلے کی کمپنیوں جیسے سام سنگ ، ایچ ٹی سی اور ایل جی وغیرہ سے کافی حد تک کم ہوتی ہے جبکہ فیچرز کم و بیش وہی فراہم کیے جاتے ہیں۔

honor-8-huawei

ہواوےنے کم قیمت سمارٹ فونز کی افادیت کا اندازہ لگاتے ہوئے ڈھائی سال قبل آنر(Honor) کے نام سے ایک نیا برانڈ تشکیل دیا ، جس کا بزنس ماڈل بڑی حد تک آن لائن فروخت پر مبنی تھا۔ اسکی بدولت کمپنی اس قابل ہوئی کہ وہ ان فونز کو مارکیٹ میں بہت ہی کم قیمت پر فروخت کرسکے۔یہی بزنس ماڈل دیگر چینی سمارٹ فونز کمپنیاں جیسے شاؤمی ، ون پلس اورلے ایکو وغیرہ بھی استعمال کررہی ہیں۔

چین میں تو بہت سی کمپنیاں سمارٹ فون فروخت کررہی ہیں لہذا مقابلہ بہت سخت ہے، تاہم یورپ، امریکہ اور جنوبی ایشیاء کی مارکیٹس میں آنر نے بہت جلد مقبولیت حاصل کی اور حال ہی میں متعارف کروائے جانے والا آنر 8 سمارٹ فون اس وقت ہواوے کی پہچان بن چکا ہے۔

honor8

دو ماہ کے قلیل عرصہ میں اس فون کی فروخت 15 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے اور امریکہ اور یورپ جیسی بڑی مارکیٹوں میں اس کی طلب عروج پر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق آنر 8 اس وقت ہواوے کے فیلگ شپ فون P9 سے بھی زیادہ پسند کیا جارہاہے۔

آنر 8 اور پی 9 میں زیادہ فرق نہیں

اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ آنر 8 اور پی 9 دراصل ایک جیسے ہارڈوئیر کے حامل ہیں ، فرق صرف انکے ڈیزائن میں ہے۔ آنر8 میں سامنے اور پشت کی جانب 2.5D گولائی والے شیشے اور اسکے نیچے ایلومینم کا استعمال کیا گیا ہے جو اسے زیادہ جاذب نظر بناتا ہے۔

اسکے علاوہ آنر 8 میں 5.2 انچ سکرین کے ساتھ 12 میگا پکزل ڈؤل کیمرہ ہے، فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکزل ہے۔ ساتھ ہی 4 گیگا بائیٹ ریم اور 32/64 گیگا بائیٹ سٹوریج بھی ہے ، جبکہ آپ کو 256 جی بی تک مائیکرو ایس ڈی کارڈ استعمال کرنے کی سہولت بھی مسیر ہے۔ آنر 8 میں 3000 ملی ایمپئر آوربیٹری کا استعمال کیا گیا ہے جو 30 منٹ میں 50 فیصد تک چارجنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس میں فنگر پرنٹ سکینر بھی ہے اور گوگل کا مارش میلو بطور آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔

honor-8-colors

میری نظر میں آنر 8 وہ صارفین پسند کر رہے ہیں جو سام سنگ یا ایپل کے مہنگے فونز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ انکا فون نہ صرف دکھنے میں اچھا لگے بلکہ اسکی پرفارمنس بھی خوب ہو۔ تاہم ہواوے فون کا ایک بڑا مسئلہ انکا سافٹوئیر ہے جو کہ یا تو اپڈیٹ ہی نہیں کیا جاتا یا اس کے اپڈیٹ میں مہینوں سال لگ جاتے ہیں۔

ہواوے پاکستان کے مطابق یہ فون اکتوبر کی 3 تاریخ سے پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا، تاہم چونکہ پاکستان میں ہواوے اور آنر سیریز کے تمام فون روایتی سیلز چینل سے فروخت کیے جاتے ہیں لہذا اسے باضابطہ طور پر آن لائن  تو نہیں بیچا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ اسکی قیمت عالمی مارکیٹ سے زیادہ ہوگی۔ ہماری معلومات کے مطابق اسکی قیمت 45  ہزار سے 48 ہزار کے درمیان مقرر کی جاسکتی ہے۔

تاہم قیمت میں یہ اضافہ اسکی فروخت پراثر انداز ہوسکتا ہے اگرہواوے اپنا منافع کم کر کےاسے 400 ڈالر یعنی کم و بیش 42 ہزار روپے کی قیمت پر ہی فروخت کرے تو شاید یہ فون پاکستان میں زیادہ فروخت حاصل کرسکے۔

یہ فون سفید، کالے، نیلے اور گولڈن رنگوں میں دستیاب ہوگا اور اسکے ساتھ ہواوے پاکستان کی جانب سے ایک سال کی وارنٹی فراہم کی جائے گی۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ آپ دوستوں کے لیے اس فون کا مکمل ری ویو پیش کیا جائے۔