ایپل آئی فون 7 اور7 پلس لانچ کر دیے

ایپل نے گذشتہ روز سان فرانسسکو میں ہونے والی کی نوٹ تقریب کے دوران آئی فون کا تازہ ورژن آئی فون 7 اور 7 پلس کو باضابطہ طور پر لانچ کردیا ہے۔ جہاں اس نئے فون میں نئے رنگوں کو شامل کیا گیا ہے وہیں اسکے ہارڈوئیر میں بھی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

iphone-7-7plus

پانی اور مٹی سے محفوظ ڈیزائن

ایپل نے آئی فون میں پہلی بار یہ خصوصیت شامل کی ہے کہ اب آپ کا آئی فون اگر پانی یا مٹی میں گر جائے تو اسے کچھ نہیں ہوگا۔ یعنی ایپل نے آئی فون 7 کے ڈیزائن کو بڑی حد تک پانی اور مٹی سے محفوظ بنادیا ہے۔ آپ اپنا فون بارش میں بھی استعمال کرسکتے ہیں مگر کوشش کیجئے کہ اسے زیادہ پانی میں مت گرائیں ورنہ نقصان کی ذمہ داری آپ کی ہی ہوگی۔

نئے رنگ

ایپل نے دو نئے رنگ متعارف کروائے ہیں جن کے نام Jet Black اور Black ہیں۔اس کے علاوہ آپ Silver،Gold اور Rose Gold کے رنگ میں بھی آئی فون 7 اور 7 پلس کو خرید سکتے ہیں۔

iphone7plus-lineup

ہیڈ فون جیک کو ختم کردیا گیا ہے

ایپل نے آئی فون 7 میں ہیڈ فون جیک کو ختم کردیا ہے۔ اس کے مقابل اب ہیڈ فون چارجنگ جیک سے استعمال کیا جاسکے گا۔ اس کے لیئے ایپل نے آئی فون کے باکس میں چارجنگ جیک کیبل کے ساتھ ہیڈ فون دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایپل نے ایک عدد اڈاپٹر Adapter بھی شامل کیا ہے جس سے آپ روائتی  ہیڈفون جیک والے ہیڈفونز استعمال کرسکتے ہیں۔اگر آپ کیبل کے ساتھ ہیڈ فونز نہیں استعمال کرنا چاہتے تو آپ کے لیئے یقینی طور پر بلوٹوتھ سپورٹ پہلے سے موجود ہے۔

iphone7-headphone-itnama

کیمرہ

ایپل نے آئی فون 7 میں پہلے سے کہیں بہتر 12 میگا پکزل کیمرہ متعارف کروایا ہے۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ نئے کیمرے کے سینسر پہلے سے 60 فیصد تیز رفتار اور 30 فیصد موثر ہیں۔ ایل ای ڈی فلیش کو بھی اپڈیٹ کیا گیا ہے اور اب ایل ای ڈی فلیش لائٹ میں 4 ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال کیا گیا ہے۔ فرنٹ کیمرہ اب 7 میگا پکزل پر اپڈیٹ کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی 1080p تک ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

 

new-iphone

جبکہ آئی فون 7 پلس میں ڈؤل کیمرہ سیٹ اپ شامل کیا گیا ہے جس کا ایک کیمرہ وائیڈ اینگل لینز سے مزین ہے جبکہ دوسرا کیمرہ ٹیلی فوٹو آپٹیکل زوم فراہم کرتا ہے۔ اس نئے سیٹ اپ کی بدولت اب صارفین پہلے سے بہتر تصاویر اتار سکیں گے اور Depth of Field کو بھی کنٹرول کیا جاسکے گا۔

دونوں فونز میں امیج سٹیبلائزیشن کا فیچر شامل کیا گیا ہے جسکی بدولت آپ پہلے سے بہتر ویڈوز بناسکیں گے، یہ فیچر نہ صرف بنیادی کیمرہ بلکہ سیلفی کیمرہ میں بھی شامل ہے۔

iphone-7

تیز رفتار پراسیسنگ

ایپل کا نیا A10 فیوژن پراسیسر پہلے آئی فون سے 120 گنا تیز ہے اور پچھلی A9 چپ سے کم و بیش 40 فیصد زیادہ تیز رفتار پراسیسنگ کا حامل ہے۔ اسی طرح اس کا جی پی یو پہلے کی نسبت 50 فیصد زیادہ تیز ہے اور پہلے آئی فون سے پرفارمنس میں 240 فیصد فرق ہے۔ ایپل کا دعوی ہے کہ ان نئے پراسیسرز کی بدولت اب صارفین کنزول گیمز کا لطف موبائل پر حاصل کر سکیں گے۔

بیٹری کی کارکردگی

آئی فون 7 میں بیٹری پہلے سے کہیں بہتر ہے اور ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون 7 کی بیٹری آئی فون 6ایس سے 2 گھنٹے زیادہ چل سکتی ہے۔

iphone7-battery

ڈسپلے سکرین

ایپل آئی فون 7 کی ڈسپلے سکرین 4.7 انچ ہے جبکہ آئی فون 7 پلس کی سکرین 5.5 انچ ہےاور انکا ریٹینا ڈسپلے پہلے کی نسبت زیادہ روشن ہے۔ دونوں فونز میں تھری ڈی ٹچ کی سہولت بھی موجود ہے۔

iphone7-display-itnama

آئی او ایس 10

دونوں فونز میں ایپل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس کا تازہ ترین ورژن آئی او ایس 10 استعمال کیا جارہا ہے۔ جس میں میسجنگ، نقشہ جات اور فوٹوز کی ایپلی کیشنز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح نوٹیفیکیشنز اور ہوم سکرین بھی نئے فیچرز سے مزین ہیں۔

ios10

قیمت اور دستیابی

ایپل نے آئی فون 7 کو لانچ کرکے 16 جی بی سٹوریج کی روایت کو بھی ختم کردیا ہے۔ اب آئی فون میں کم سے کم سٹوریج 32 جی بی ہوگا۔ آئی فون عالمی مارکیٹ میں 9 ستمبر سے پری آڈر کے لیئے دستیاب ہوگا لیکن 16 ستمبر سے باقاعدہ خریداری کے لیئے مارکیٹ میں متعارف کروادیا جائے گا۔آئی فون 7، 32 جی بی ماڈل کی قیمت 649 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جبکہ آئی فون 7 پلس 32 جی بی ماڈل کی قیمت 749 ڈالر سے شروع ہوگی۔