جدید فوٹوگرافی کی تکنیک عام ہوئے 177 برس بیت گئے، آج ورلڈ فوٹو ڈے منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فوٹوگرافی کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یہ دن اس حوالے سے اہم ہے کہ اس دن فرانسیسی حکومت نے جدید فوٹوگرافی کی تکنیک کو تمام دنیا کے لیے مفت پیش کیا۔

مستقل طور پر قائم رہنے والی پہلی فوٹو 1826 میں بنائی گئی تاہم فرانسیسی فوٹوگرافر لوئی ڈاگر نے 1837 میں جدید فوٹوگرافی کا طریقہ ایجاد کیا۔ اس طریقہ کار سے لی جانے والی تصویر میں کم و بیش 8 گھنٹے لگتے تھے اور اس دوران تصویر کھنچوانے والی فرد کو اپنی جگہ سے ذرا سا بھی نہیں ہلنا ہوتا تھا۔

old-camera

19 اگست 1839 کو فرانسیسی حکومت نے لوئی سے فوٹوگرافی کی اس تکنیک کے حقوق حاصل کیے اور اسے تمام دنیا کے لیے مفت فراہم کردیا۔ جس کی بنیاد پر فوٹوگرافی کی تکنیک میں تیزی سے بہتری آئی اور آج ہم ایک سیکنڈ کے مختصر حصہ میں تصویر لے سکتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق اب جدید کیمروں اور موبائل فونز کی مدد سے ہر سال کم وبیش 350 ارب تصاویر کھینچی جاتی ہیں، صرف فیس بک پر ہی 250 ارب سے زائد تصاویر موجود ہیں۔