ٹوئٹر نے نوٹیفیکیشن کا معیار جانچنے کے لیئے فلٹر متعارف کروادیا

ٹوئٹر نے حال ہی میں چند نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جن میں سے نوٹیفیکیشن کا معیار بہتر بنانے کے لیئے کوالٹی فلٹر (Quality Filter) لانچ کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر کے مطابق یہ فلٹر اکاؤنٹ پر فوری تحقیق کرے گا اور خودکار ٹویٹس جن میں آپ کو ٹیگ کیا گیا ہو یا ایسی ٹویٹس جو معیاری مواد نہ رکھتی ہوں کو آپ کے نوٹیفیکیشن سے غائب کردیا جائے گا تاکہ آپ کو صرف وہ نوٹیفیکیشن موصول ہوسکیں جو اہم ہیں ۔اس کے علاوہ یہ فلٹر ان افراد کی پروفائل پر کام نہیں کرے گا جن کو آپ نے فالو کررکھا ہوگا یا وہ اکاؤنٹ جن سے آپ نے حال ہی میں ٹویٹس کی ذریعے بات چیت کی ہوگی۔

فلٹر صارف کی مرضی سے کام کرے گا

ٹوئٹر نے اس فلٹر کے ساتھ ہی آپ کو یہ سہولت بھی فراہم کی ہے کہ آپ اپنی مرضی کے مطابق اس فلٹر کو بند بھی کرسکتے ہیں اور دوبارہ ایکٹیو بھی کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر نے یہ خصوصیت بھی فراہم کی ہے کہ اگر آپ ہر کسی کے نوٹیفیکیشن نہیں دیکھنا چاہتے تو آپ نوٹیفیکیشن کو صرف ان افراد تک محدود کرسکتے ہیں جن کو آپ ٹوئٹر سے یا موبائل سے فالو کرتے ہوں۔

فی الحال یہ فلٹر صرف آئی فون صارفین کے لیئے ہے، تاہم امید ہے کہ جلد ہی اینڈرائیڈ کے لیئے بھی یہ فلٹر لانچ کردیا جائے گا۔