ٹروکالر اب ہواوے سمارٹ فونز پر پہلے سے ہی انسٹال

سمارٹ فون صارفین ٹروکالر(Truecaller) کے بارے میں تو ضرور جانتے ہونگے، اگر نہیں تو آپ کو بتاتا چلوں یہ ایک ایسی ایپلی کیشن ہے جو آپ کو نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والی کالز کے بارے میں بھی یہ بتا سکتی ہے کہ کال کرنے والے کا نام پتہ کیا ہے۔ٹروکالر دنیا بھر سے موبائل فون نمبروں اور صارفین کا ڈیٹا جمع کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ مارکیٹنگ یا سپیم کرنے والے نمبروں کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

اسی طرح آپ اس ایپلی کیشن کی مدد سے ان چاہے نمبروں کو بلاک کرسکتے اور سوشل میڈیا کااستعمال کرتے ہوئے یہ آپ کی فون بک میں تمام معلومات کو اپ ٹوڈیٹ رکھتی ہے۔

truecallerphone

ٹروکالر ایپلی کیشن آپ کے سمارٹ فون جیسے اینڈرائیڈ پر پہلے سے موجود ڈائلر ایپلی کیشن کی جگہ لے لیتی ہے اور آپ اس کی مدد سے کالز ڈائل یا موصول کرتے ہیں۔ کمپنی کا دعوی ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ہر ماہ کم وبیش 500 ملین کالز ٹروکالر ایپلی کیشن کے ذریعے ہی کی جاتی ہیں۔

ٹروکالر اب تمام ہواوے سمارٹ فونز پر

حال ہی میں ٹروکالر نے چین کی سب سے بڑی سمارٹ فون کمپنی ہواوے کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کی تحت اب تمام نئے ہواوے فونز، خاص کر فلیگ شپ ڈیوائسز میں ڈائلر کے طور پر ٹروکالر ہی استعمال ہوگا۔

نئے فونز کے ساتھ ساتھ پہلے سے لانچ کیے گئے ہواوے فونز پر بھی  اکتوبر تک اپڈیٹ کے ذریعے ٹروکالر کی ایپلی کیشن فراہم کردی جائے گی۔