سی گیٹ نے 60 ٹیرا بائیٹ کی نئی سالڈ سٹیٹ ڈرائیو متعارف کروا دی

ڈیٹا سٹوریج کمپنی سی گیٹ نے 60 ٹیرا بائیٹ کی نئی سالڈ سٹیٹ ڈرائیو متعارف کروا دی ہے۔ یہ نئی ڈرائیو، سٹوریج کے لحاظ سے سب سے زیادہ حجم رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ ایک ٹیرا بائیٹ میں 1024 گیگا بائیٹ ہوتے ہیں یعنی اس ڈرائیو کا حجم 61 ہزار گیگا بائیٹ سے بھی زیادہ ہے۔

سالڈ سٹیٹ ڈرائیو کیا ہوتی ہے؟

روایتی ہارڈ ڈسک بہت سے پرزوں کا مجموعہ ہوتی ہے، جس میں زیادہ تر پرزے حرکت کرتے ہیں۔ ہارڈ ڈسک میں موجود مقناطیسی ہیڈز گھومتی ہوئی پلیٹوں پر ڈیٹا کو محفوظ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہارڈ ڈسک میں سے کئی دفعہ کافی آوازیں بھی آتی ہیں اور اس کا درجہ حرارت بھی بڑھتا رہتا ہے۔

جبکہ دوسری طرف ایس ایس ڈی میں کسی بھی قسم کے حرکت کرنے والے پرزے موجود نہیں ہوتے بلکہ سرکٹس کی مدد سے ہی اس پر ڈیٹا محفوظ کیا جاتا ہے۔ آپ ایس ایس ڈی کو ایک بڑے سائز کا میموری کارڈ بھی کہہ سکتے ہیں۔

ssd-harddisk

سی گیٹ کی یہ نئی ایس ایس ڈرائیو شاید عام صارفین کے لیے اتنی موزوں تو نہ ہو، لیکن کاروباری ادارے اس میں ضرور دلچسپی لیں گے۔

60 ٹیرا بائیٹ حجم کا اندازہ کچھ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ اس ڈرائیو میں کم وبیش 12000 فلمیں یا 400 ملین کے قریب تصاویر محفوظ کی جاسکتی ہیں۔

یہ ڈرائیو ابھی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی اور نہ ہی اسکی قیمت کا تعین کیا گیا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ 2017 کے آغاز تک 60 ٹیرابائیٹ کو بڑھا کر 100 ٹیرابائیٹ تک کی ڈرائیو بھی تیار کر لی جائے گی۔