ہواوے فون لانچ ہونے کے دو سال بعد تک سافٹوئیر اپڈیٹ فراہم کرے گی

سمارٹ فونز بنانے والی چینی کمپنی ہواوے کی جانب سے اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ اب کمپنی اپنے تمام سمارٹ فونز پر 2 سال تک سافٹوئیر اپڈیٹس فراہم کرے گی۔

ہواوے امریکہ کے اہم عہدہ دار ٹیلر ومبرلے نے سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان کیا کہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی سیکیورٹی کو محفوظ تر بنانے کے لیے اب ہواوے فون لانچ سے دو سال تک صارفین کو تازہ ترین اپڈیٹس اور نت نئے فیچرز فراہم کرتی رہے گی۔

ومبرلے کے مطابق فون لانچ ہونے کے پہلے سال کے اندر صارفین کو زیادہ سے زیادہ اپڈیٹس فراہم کیے جائیں گے، اور کسی قسم کی خامی یا بگز کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر سافٹوئیر اپڈیٹ مہیا کیا جائے گا۔

ہواوے سافٹوئیر اپڈیٹ میں سب سے پیچھے

ہواوے صارفین اس بات کو بخوبی جانتے ہونگے کہ کمپنی سافٹوئیر اپڈیٹس کے معاملے میں کافی سست واقع ہوئی ہے اور اکثر ایسا ہوتا ہے کہ فون کا وہی ماڈل چین میں تو اپڈیٹ ہوجاتا ہے مگر پاکستان اور دوسری مارکیٹس کے صارفین اپڈیٹ کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔

huawei-software-update

گو کہ سیکیورٹی اپڈیٹس تو اہم ہوتے ہی ہیں تاہم اکثر صارفین کو یہ توقع ہوتی ہے کہ ان کا موبائل فون اینڈرائیڈ کے نئے ورژن پر اپڈیٹ ہوگا، چاہے انہیں اسکا کوئی خاص فائدہ ہو نہ ہو، لیکن صارفین کو یہ شوق ضرور ہوتا ہے کہ ان کا موبائل سافٹوئیر سب سے بہترین ہو۔

ہم امید کرتے ہیں کہ ہواوے صارفین سے کیے گئے اپنے اس وعدے کا پاس رکھے گی اور انہیں دو سال تک سافٹوئیر اپڈیٹ بشمول اینڈرائیڈ کے تازہ ترین ورژن تک رسائی فراہم کی جائے گی۔