ہیکرز آپ کے مانیٹر تک رسائی حاصل کرکے آپ کی خفیہ معلومات چوری اور مکمل نگرانی کرسکتے ہیں

اگر آپ کے کمپیوٹر میں اینٹی وائرس سافٹویئر اور فائر وال انسٹال ہے تو آپ ہیکرز کے حملوں سے بڑی حد تک محفوظ رہتے ہیں۔ لیکن اگر ہیکرز آپ کے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرنے کی بجائے اسکے مانیٹر یا ایل سی ڈی ڈسپلے کو ہیک کر لیں؟

حال ہی میں لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی ہیکرز کانفرنس کے دوران، ریڈ بیلون سیکیورٹی نامی کمپنی کے نمائندوں نے ڈیل کے ایک مانیٹر کو ہیک کرکے اس کا عملی نمونہ پیش کیا۔

hack-monitor
انگ سوئی اور جتن کتاریا کے مطابق وہ گذشتہ دو سال سے اپنے فالتو وقت میں ڈیل کے ایک مانیٹر پر تجربات کرکے اس بات کی کھوج میں تھے کہ یہ کیسے کام کرتا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے کام کے دوران مانیٹر کو ہیک کرنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔

کسی بھی برانڈ کے مانیٹر کو ہیک کرنا ممکن ہے؟

اس مقصد کے لیے انہوں نے مانیٹر کی HDMI اور USB پورٹ کو استعمال کیا اور سکرین پر اپنی مرضی کی معلومات دکھانے لگے۔ جیسے پے پال کے ایک اکاؤنٹ میں بیلنس 0 ڈالر تھا، تاہم ہیک کرنے کے بعد اکاؤنٹ بیلنس 1 ملین ڈالر نظر آنے لگا۔

مانیٹر کو ہیک کرنا اس لیے آسان ہے کہ اسکی firmware یا سافٹوئیر کو اپڈیٹ کرنے کے نظام میں کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں مقرر کیے گئے۔ ہیکرز فرم وئیر کو اپڈیٹ کرنے جیسی کمانڈ دے کر سکرین کے تمام پکزلز کو اپنے اختیار میں لاسکتے ہیں۔

ریسرچرز کے مطابق مستقبل قریب میں ایسا ممکن ہے کہ ہیکرز بغیر یو ایس بی اور ایچ ڈی ایم آئی کسی بھی کمپیوٹر کے ڈسپلے تک رسائی حاصل کرلیں۔ مانیٹر کے پکزلز ہیک کرنے کے بعد ہیکرز نہ صرف اس پر نظر آنے والی معلومات میں تبدیلی کرسکتے ہیں بلکہ اس کی مکمل نگرانی بھی ممکن ہے۔

اسی طرح مانیٹرز اور لیپ ٹاپ ڈسپلے کو Ransomware کا نشانہ بھی بنایا جاسکتا ہے، اور صارف کی سکرین کو لاک کیا جاسکتا ہے جب تک کہ وہ تاوان کی ادائیگی نہ کرے۔

ریڈ بیلون سیکیورٹی کے مطابق انکے اس ہیک کا مقصد، کمپیوٹر صارفین کو ہیکنگ کی نئی اقسام کے بارے میں اگاہی فراہم کرنا ہے۔ جو لوگ اس مانیٹر ہیکنگ کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں، وہ یہ لنک ملاحظہ کرسکتے ہیں۔