فیس بک کے پر اشتہارات کو بلاک کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہوگا

فیس بک، گوگل اور اسطرح کے دیگر سماجی روابط کی ویب سائیٹس کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ اشتہار بازی ہے۔ تاہم بعض اوقات یہ اشتہار عام انٹرنیٹ صارفین کے لیے سر درد بن جاتے ہیں۔

اسی لیے ایڈ بلاک پلس اور دیگر بہت سے ایسے سافٹوئیر اور پلگ انز تخلیق کیے گئے ہیں جو کسی بھی ویب سائیٹ پر موجود اشتہارات اور ان چاہے مواد کو بلاک کر دیتے ہیں۔

ads

فیس بک پر بھی نظر آنے والے تمام اشتہارات ان پلگ انز کی مدد سے بلاک کیے جاسکتے ہیں۔ گو کہ یہ پلگ انز اور سافٹوئیر موبائل کے لیے بھی دستیاب ہیں تاہم اکثریت انہیں ڈیسکٹاپ کمپیوٹر پر ہی استعمال کرتی ہے۔

مگر شاید اب فیس بک پر اشتہارات بلاک کرنا اتنا آسان نہ رہے۔ فیس بک کے انجینئر اینڈریو بوزورتھ کے مطابق بہت جلد فیس بک کے تمام اشتہارات کو ڈیسکٹاپ پر بلاک کرنا تقریباً ناممکن ہوجائے گا۔

اینڈریو کا کہنا تھا کہ فیس بک اشتہارات کی زیادہ تر آمدنی موبائل صارفین کی بدولت حاصل کی جاتی ہے، تاہم یہ کمپنی کی بنیادی اصولوں کے خلاف ہے کہ کسی کو بھی اسکے اشتہارات بلاک کرنے دیے جائیں۔

اینڈریو نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ لوگ جنہیں اشتہارات پسند نہیں یقیناً وہ فیس بک کے اس اقدام سے ناخوش ہونگے لیکن کمپنی کی کوشش ہے کہ ہر صارف کو اسکی پسند سے ملتے جلتے اشتہارات دکھائے جائیں۔

ایڈ بلاک کرنے والی کمپنیاں بھی صارفین کو دھوکہ دے رہی ہیں

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایڈ بلاک پلس اور اس جیسی دیگر کمپنیاں بھی صارفین کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں پیسے لے کر کچھ ویب سائیٹس کے اشتہارات بلاک ہی نہیں کرتیں۔ فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ یہ طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے اشتہارات کو بنیادی کوڈ میں شامل کردیں گے، جسکی وجہ سے انہیں بلاک کرنا مشکل ہوجائے گا۔

چاہے فیس بک لاکھ گھما پھرا کر بات کرے، صاف ظاہر ہے کہ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانا ہے اور اپنے مقصد کے حصول کے لیے وہ صارفین کی پسند ناپسند کو بھی نظر انداز کیے جارہے ہیں۔ عین ممکن ہے کہ ایسی حرکتوں کی وجہ سے بہت جلد فیس بک صارفین میں اپنی مقبولیت کھو دے۔