وٹس ایپ میں بھی GIF سپورٹ شامل کردی گئی

whatsapp-gif
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں انسٹنٹ میسجنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشنز میں وٹس ایپ کا پہلا نمبر ہے۔ کم و بیش تمام سمارٹ فونز کے لیے دستیاب یہ ایپلی کیشنز روایتی فون کالز و میسجنگ کا سستا اور موثر نعم البدل ہے۔ بس کسی بھی وائی فائی یا موبائل نیٹورک سے کنکٹ ہوئے اور مفت میں ڈھیروں ڈھیر کالز اور پیغامات کیے۔ نہ پیکج کی ٹینشن نہ بیلنس کٹنے کی فکر۔

گذشتہ چند سال کے دوران وٹس ایپ کی سروس کو بہت حد تک بہتر بنایا گیا ہے۔ سب سے اہم یہ کہ اسکے سالانہ سبسکرپشن چارجز جو کہ محض 100 روپے تھے انہیں بھی ختم کردیا گیا ہے اور یہ واحد ایپلی کیشن ہے جس پر کسی قسم کے اشتہارات بھی نہیں چلتے۔

وٹس ایپ صارفین کو تصاویر، ویڈیوز اور ایموٹیکان بھیجنے کی سہولت تو فراہم کررہی تھی لیکن پھر بھی ایک چیز کی کمی تھی اور وہ ہے GIF تصاویر کی سہولت۔ اگر آپ گرافک انٹرچنج فارمیٹ یعنی GIF کے بارے میں نہیں جانتے تو بتاتا چلوں کہ یہ فارمیٹ تصاویر کو اینی میٹ کرتا ہے، یعنی آپ کو سکرین پر چلتی پھرتی تصویر نظر آتی ہے۔ جو کہ ویڈیو ہرگز نہیں اور اسکا سائز بھی بہت کم ہے۔ اس میں بہت سے فریمز کو جوڑا جاتا ہے اور پھر انہیں جب ایک ساتھ چلایا جاتا ہے تو تصویر حرکت میں آجاتی ہے۔

ic9ePbt
ویب سائیٹس اور ایپلی کیشنز میں GIF کا استعمال، اپنے مزاج اور احساسات کو بیان کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اگر آپ خوش ہیں تو کوئی کھلکھلاتی سے تصویر بھیج سکتے ہیں، اسی طرح غم کی حالت میں رونے والی۔

وٹس ایپ کی جانب سے  GIF کا فیچر پہلے آئی فون کے لیے متعارف کروایا جا رہا ہے اور جلد ہی اسے دیگر سمارٹ فون سسٹمز پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔