مائیکروسافٹ نے اب تک کا چھوٹا ترین، ایکس باکس ون ایس گیمنگ کنزول متعارف کروا دیا

گذشتہ روز لاس اینجلیس میں منعقد ہونے والی الیکٹرانک انٹرٹینمنٹ نمائش کے دوران مائیکروسافٹ نے اب تک کا سب سے چھوٹا ایکس باکس ون متعارف کروایا۔

اس نئے کنزول کا نام ایکس باکس ون ایس رکھا گیا ہے اور اسکا سائز ایکس باکس ون سے کم و بیش 40 فیصد کم ہے۔ نئے ڈیزائن کے ساتھ اس ایکس باکس میں ہارڈوئیر کی بھی کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اب یہ 4K الٹراہائی ڈیفینیشن ویڈیو بھی چلانے کی اہلیت رکھتا ہے اور صارفین کی آسانی کے لیے یو ایس بی پورٹ کو بھی کنزول میں سامنے کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم اس ایکس باکس میں Kinect سنسر پورٹ شامل نہیں کی گئی۔
xbox-ones
ایکس باکس ٹیم کے سربراہ، فل سپنسر کے مطابق “ہماری اولین ترجیح یہ تھی کہ کسی طرح ایکس باکس کے سائز کو کم کیا جائے۔ لیکن ہم نے یہ سوچا کہ کیوں نہ اس میں جدید ہارڈوئیر کا استعمال بھی کیا جائے تاکہ صارفین اس کا بھر پور لطف اٹھا سکیں۔”

ایکس باکس ون ایس کے کنٹرولر میں تھوڑی بہت تبدیلی کی گئی ہے اور اب اس میں بلیوٹوتھ کنکشن بھی شامل کر دیا گیا ہے، جسکی بدولت اسے بغیر تاروں کے کسی بھی ونڈوز کمپیوٹر کے ساتھ بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

ایکس باکس ون ایس کا ایک خصوصی ورژن اگست کے پہلے ہفتے میں لانچ کیا جائے گا جس میں 2 ٹیرابائیٹ سٹوریج میسر ہوگی اور اسکی قیمت محظ 399 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم یہ بہت کم تعداد میں دستیاب ہوگا۔

ایکس باکس ون ایس کا سٹینڈر ورژن اگست میں ہی 500 گیگا بائیٹ سٹوریج کے ساتھ 299 امریکی ڈالر اور 1 ٹیرابائیٹ سٹوریج کے ساتھ 349 امریکی ڈالر میں دستیاب ہوگا۔